ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا ویمن یونیورسٹی ملتان کا تین روزہ دورہ مکمل
ترجمان کے مطابق ایچ ای سی کی ٹیم نے پی ایچ ڈی اور ایم فل پروگرامز 2023-24 کی ایکریڈیشن کےلئے ویمن یونیورسٹی کا دورہ کیا، ڈیپارٹمنٹ کاجائزہ اور ریکارڈ چیک کیا۔
اس دورے کا مقصد تعلیم کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ایچ ای سی کے ایم ایس/ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کو شروع کرنے اور جاری رکھنے کے لیے ایچ ای سی کے کم از کم معیار پر عمل درآمد کے حوالے سے یونیورسٹی کا جائزہ لینا تھا ۔
اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا تھا کہ ویمن یونیورسٹی ایچ ای سی کے وضع کردہ اصولوں پر چلتے ہوئے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ میرٹ پر اعلیٰ تعلیم مکمل ہوسکے، تمام فیکلٹی کوشش کررہی ہے کہ ایچ ای سی کی پالیسی کے مطابق کورسز مکمل کئے جائیں۔
ویمن یونیورسٹی یونیورسٹی میں تعلیم اور تحقیق کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کرے گی۔
ایچ ای سی کی ٹیم جو پروفیسر ڈاکٹر وسیمہ شہزاد، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشتیاق علی، ڈاکٹر عبید اللہ انور، جناب عمر خورشید کیانی پر مشتمل تھی نے طالبات کو مکمل ریکارڈ، سابق کلاسز کے ٹرانسکرپٹ، ایڈمیشن سسٹم کا مکمل ریکارڈ، داخلہ قوانین اور اکیڈمک کونسل کے منٹس ،فیکلٹی ممبران کے کوائف اور مکمل پرسنل فائلز اور جاری پروگرامز کی منظوری کا جائزہ لیا۔
ٹیم نے رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان، ڈاکٹر عطیہ اقبال (ڈائریکٹر ) ڈاکٹر مریم زین (ڈائریکٹر اکیڈمکس)، ڈاکٹر رائمہ نذر، ڈاکٹر ملکہ لیاقت، ڈاکٹر مریم ذین، ڈاکٹر فرح دیبا اور تمام اسسٹنٹ کے ساتھ ملاقات کی، اور تفصیلات حاصل کیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عطیہ اقبال (ڈائریکٹر کیو ای سی) نے یونیورسٹی کی ترقی کے بارے میں ایک مختصر پریزنٹیشن دی، جس کے بعد ٹیم نے ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ ویمن یونیورسٹی اپنی معیاری ریسرچ کی وجہ سے جلد دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہو جائے گی ۔