Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ویمن یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن پر ویمن یوتھ اور سپورٹس سینٹر کا افتتاح

ویمن یونیورسٹی ملتان میں خواتین کا عالمی دن جوش وخروش سے منایا گیا، جس کا اہتمام ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر ویمن یونیورسٹی نے کیا تھا ۔

متی تل کیمپس میں ہونے والے ایونٹ کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی تھیں، اس حوالے سے آگاہی واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے کی ۔

ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر شازیہ پروین، تمام شعبوں کی چیئرپرسنز اور طالبات نے بھی شرکت کی، طالبات نے خواتین کے حقوق بارے میں بینر اٹھا رکھے تھے، بعد ازں اس دن کی مناسبت سے شجرکاری کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ آج کا دن عورت کی عظمت کے اعتراف کا دن ہے، جس کو اسلام نے 14 سوسال قبل تسلیم کرلیا ، ماڈرن دنیا اب عورت کی اہمیت کو مان رہی ہے ،اسلام نے عورت کو ذلت اور غلامی کی زندگی سے آزاد کرایا اور ظلم و استحصال سے نجات دلائی۔

اسلام نے ان تمام قبیح رسوم کا قلع قمع کر دیا جو عورت کے انسانی وقار کے منافی تھیںش اور اسے بے شمار حقوق عطا کئے انسان ہونے کے ناطے عورت کا وہی رتبہ ہے جو مرد کو حاصل ہے، اجر کے استحقاق میں دونوں برابر قرار پائے۔ مرد اور عورت دونوں میں سے جو کوئی عمل کرے گا اسے پوری اور برابر جزا ملے گی۔

اسلام عورت کے لئے تربیت اور نفقہ کے حق کا ضامن بنا کہ اسے روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم اور علاج کی سہولت ”ولی الامر“ کی طرف سے ملے گی۔

اسلام نے مردوں کی طرح عورتوں کو بھی حقِ ملکیت عطا کیا ہے۔ وہ نہ صرف خود کما سکتی ہے بلکہ وراثت کے تحت حاصل ہونے والی املاک کی مالک بھی بن سکتی ہے، آج ہماری خواتین اس حق کو استعمال کرتے ہوئےاعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہیں اور اعلیٰ عہدوں پر بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں ۔

ویمن یونیورسٹی خواتین کی ترقی کے لئے اقدامات کررہی ہے ان کو شعور اور تدریس و تربیت دے رہی ہے جو ہمارے معاشرے میں بہتری لانے کاسبب بنے گی ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کے حقوق کی پاسداری کی جائے، اور ان قوانین پر پورا عمل درآمد کرایا جائے، جو خواتین کو باوقار طریقے سے زندگی گزارنے کےلئے بنائے گئے ۔

انہوں نے حضرت خدیجۃ الکبریٰ (رض)، حضرت عائشہ صدیقہ (رض) اور حضرت فاطمۃ الزہرا (رض) کی مثالیں پیش کیں، اور طالبات کو اسلامی تاریخ کی ان عظیم خواتین کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شازیہ پروین نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا ملک ترقی نہیں کر سکتا، اور پاکستان کی خواتین بھی ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

بعد ازاں کچہری کیمپس میں طالبات کے لئے بنائے گئے سپورٹس سنٹر اور یوتھ سنٹر کا افتتاح کیا گیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر عظمی قریشی کا کہنا تھا کہ طالبات غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کا حصہ لیں، یہ یاد گار دن ہے کہ آج خواتین کے عالمی کے موقع پر ہم ایک بڑے پراجیکٹ کا آغاز کرنے جارہےہیں۔

اس جگہ پر پہلے ایک میوزیم تھا جس کو یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میں تبدیل کیا ہے تاکہ طالبات کو ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین طریقہ سے اظہار کر سکیں، اور طالبات کا دوسری یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون اور خیالات کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا ہو سکیں۔

اس موقع ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعد نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی میں خواتین کے لیے بہترین ماحول موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو بااختیار بنایا ، اور اس کی تعلیمات خواتین کی اہمیت اور وقار کو اجاگر کرتی ہیں۔

ڈاکٹر میمونہ خان( ڈائریکٹر سپورٹس ) نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ خاتون خاندان کی تعلیم و تربیت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ خواتین کے عالمی دن کی اہمیت کے حوالے سے کیک کاٹا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button