Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

اسلام آباد یونائیٹڈ ملتان سلطانز کو شکست دیکر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی

پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کا 229 رنز کاہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں عماد وسیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔

20 ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر جب سات رنز درکار تھے تو انہوں نے ایک چھکا اور چوکا لگاکر ٹیم کو جیت دلادی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی دو وکٹیں 4 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی گر گئی تھیں۔

الیکس ہیلز صفر اور آغا سلمان 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کولن منرو اور کپتان شاداب خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے مابین 64 گیندوں پر 141 رنز کی شراکت ہوئی۔

کولن منرو 84 اور شاداب خان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، حیدر علی نے 19، فہیم اشرف نے 23رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی طرف سے عباس آفریدی نے 3، محمد علی نے 2، ڈیوڈ ولی اور کرس جورڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے، اوپنر یاسر خان اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم کپتان رضوان 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یاسر خان 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں جونسن چارلس نے 16 گیندوں پر 42، افتخار احمد 13 جبکہ کرس جارڈن 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیسری سینچری اسکور کی، انہوں نے 50 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 2، نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا سکواڈ کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ، تیمل ملز پر مشتمل تھا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان یاسر خان، طیب طاہر، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی شامل تھے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button