Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سرکاری سکولوں میں قائم آئی ٹی اور سائنس لیبز فوری فعال کرنے کا حکم

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر صدارت سی ای اوز ایجوکیشن کی اہم کانفرنس، تعلیمی اداروں میں بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے ، سرکاری سکولوں میں قائم آئی ٹی اور سائنس لیبز کو تمام سہولیات کے ساتھ فوری فعال کرنے کا حکم، تعلیمی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ،

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن کا ایک اہم اجلاس سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان کے زیر صدارت ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سی ای اوز کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق، سیف اللہ خان، ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول اور ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) پرویز اقبال سمیت متعلقہ تعلیمی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور تعلیمی کلینڈر پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ طلباء کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے، اور سکولوں کی استعداد جانچنے کے لیے جدید طریقہ ہائے تدریس سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے پر توجہ دی جائے، اور محنت کش بچوں کے لیے قائم ہونے والے صبح نو سکولوں میں بھی طلباء کی تعداد میں اضافے کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں ۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے تمام غیر فعال سکولوں کو مکمل فعال کیا جائے، اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن رانا سلیم احمد خان نے سی ای اوز کانفرنس میں بعض سکولوں میں نان فنکشنل آئی ٹی اور سائنس لیبز کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای اوز کو فوری طور پر تمام آئی ٹی اور سائنس لیبز کو مکمل طور پر فعال کرنے کا حکم دیا، اور اس سلسلے میں مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات دیں۔

کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ہر طالب علم کا تفصیلی پروفائل مرتب کیا جائے، جس میں تعلیمی تعطیلات کے علاوہ اس طالب علم کے مثبت اور منفی پہلوؤں کو درج کیا جائے ، یہ پروفائل رجسٹر اعلیٰ حکام کسی بھی وقت دورہ کر کے چیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی ای اوز ایجوکیشن سکولوں میں طلباء کی ضروریات سامنے رکھ کر سبق کی باقاعدہ پلاننگ کی ہدایات جاری کریں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہیڈ ٹیچر والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر اور پیرنٹ ٹیچر میٹنگ کا اہتمام کرکے انہیں سکولز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور بہترین تعلیمی کے حصول کے لیے اپنے بچوں کی گھروں پر مؤثر نگرانی کرنے پر قائل کرے۔

سی ای اوز ایجوکیشن کے اجلاس میں سکول اولمپکس کے انعقاد، ٹرانس جینڈر اور صبح نو سکولوں کے معاملات اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button