Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

جاپان کی صبحِ نَو سکولوں چلانے پر محکمہ سکولز کی ستائش

پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوٹلوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے بچوں کے لیے صبحِ نَو سکول کے تصورات اور اس پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے پر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوٹلوں، دکانوں، کھیتوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے صبح نو سکول قائم کیے تھے، اس منصوبے کو قومی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا تھا۔

صبح نو سکول پراجیکٹ کے تصورات اور اس پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے پر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشوں کے اعتراف اور اس منصوبے کو دیگر شہروں میں شروع کرنے کی غرض سے کیس اسٹڈی کے طور پر سمجھنے کے لیے "جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی” (جائیکا) کی چیف ایڈوائزر چی ہو اوہاشی کے زیر قیادت جائیکا کے وفد نے ملتان کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران وفد نے ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان سے ملاقات کی، اور سکول سے باہر رہ جانے والے اور معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور بچوں اور نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع مہیا کرنے، جدید متبادل تعلیمی ماڈلز کی پالیسی اور اس کو اپنانے کا نظام وضع کرنے کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی جائیکا کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہرالحق ،صبح نو سکول پراجیکٹ کی فوکل پرسن حنا چوہدری اور جائیکا کے وفد میں شامل ہیرو تاکیماتو اور مسٹر محمد محبوب ملاقات میں موجود تھے۔

دو طرفہ ملاقات کے دوران پر جائیکا کی چیف ایڈوائزر چی ہو اوہاشی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں پر ہمیشہ سے ہی رسمی تعلیم کے دروازے بند رہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے غربت، گھریلو حالات یا کسی اور وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرنے والے بچوں کو مفت اور لازمی بنیادی تعلیم فراہم کرنے فراہم کرنے کے لیے صبحِ نَو سکول پراجیکٹ کا آغاز کیا، جہاں ایکسلیریٹ لرننگ پروگرام کے تحت طلبہ کو مفت تعلیم دی جاتی ہے، اور لکھنے، پڑھنے اور بنیادی حساب کتاب کے ساتھ بہتر طرز حیات کی مہارتیں بھی سکھائی جاتی ہیں۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ سکول میں داخلے کے ساتھ ساتھ بچے کو محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے کپڑے، جوتے، فیس اور بستے کا تحفہ بھی دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صبح نو سکول پراجیکٹ کی کامیابی اور اس منصوبے کو جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں وسعت دینے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب پر عزم ہے۔

ملاقات کے دوران جائیکا کی چیف ایڈوائزر چی ہو اوہاشی نے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے صبح نو سکول پراجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ کئی بچے پڑھ لکھ کر زندگی میں آگے جانا چاہتے ہیں، دوسرے بچوں کی طرح سکول جانا ان کا بھی ایک خواب ہوتا ہے، صبح نو سکول پراجیکٹ کے ذریعے ایسے بچوں کے خوابوں کو تعبیر ملی۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی صبح نو سکول پراجیکٹ کے تسلسل میں بہتری لانے اور اساتذہ کو جدید تکنیکی مہارتوں سے روشناس کرانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

ملتان آمد پر جائیکا کی چیف ایڈوائزر نے اپنے وفد کے ہمراہ صبح نو سکولوں کا بھی معائنہ کیا ، اور طلباء و اساتذہ سے تبادلہ خیال کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button