Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

صبح نو سکول کے تصورات اور پراجیکٹ کی کامیابی

پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوٹلوں اور ورکشاپس میں کام کرنے والے بچوں کے لیے صبح نو اسکول کے تصورات اور اس پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے پر محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشوں کا اعتراف، جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی (جائیکا) کے چیف ایجوکیشن ایڈوائزر کا صبح نو اسکول پراجیکٹ کو اسکیل اپ کرنے اور مڈل ٹیک میں معاونت فراہم کرنے کے لیے ملتان کا دورہ، ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر سے ملاقات، صبح نو اسکول کے طلبہ سے تبادلہ خیال

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوٹلوں، دکانوں، کھیتوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے صبح نو اسکول قائم کیے تھے، اس منصوبے کو قومی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا تھا، صبح نو اسکول پراجیکٹ کے تصورات اور اس پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے پر محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشوں کے اعتراف اور اس منصوبے کو دیگر شہروں میں شروع کرنے کے علاوہ سکیل اپ اور مڈل ٹیک کے لیے ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنے کی غرض سے کیس اسٹڈی کے طور پر سمجھنے کے لیے جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی (جائیکا) کے چیف ایجوکیشن ایڈوائزر تائیگا یانو کے زیر قیادت جائیکا کے وفد نے ملتان کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران وفد نے ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر سے ملاقات کی، اور اسکول سے باہر رہ جانے والے اور معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور بچوں اور نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع مہیا کرنے، جدید متبادل تعلیمی ماڈلز کی پالیسی اور اس کو اپنانے کا نظام وضع کرنے کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہرالحق ،صبح نو اسکول پراجیکٹ کی فوکل پرسن حنا چوہدری اور جائیکا کے مڈل ٹیک پروگرام کی کوارڈی نیٹر مس بشریٰ ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات کے دوران جائیکا کے چیف ایجوکیشن ایڈوائزر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں پر ہمیشہ سے ہی رسمی تعلیم کے دروازے بند رہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے غربت، گھریلو حالات یا کسی اور وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرنے والے بچوں کو مفت اور لازمی بنیادی تعلیم فراہم کرنے کے لیے صبح نو اسکول پراجیکٹ کا آغاز کیا، جہاں ایکسلریٹ لرننگ پروگرام کے تحت طلبہ کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اور لکھنے، پڑھنے اور بنیادی حساب کتاب کے ساتھ بہتر طرز حیات کی مہارتیں بھی سکھائی جاتی ہیں۔

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا ہے کہ سکول میں داخلے کے ساتھ ساتھ بچے کو محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے کپڑے، جوتے، فیس اور بستے کا تحفہ بھی دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صبح نو اسکول پراجیکٹ کی کامیابی اور اس منصوبے کو جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں وسعت دینے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب پر عزم ہے۔

ملاقات کے دوران جائیکا کے چیف ایجوکیشن ایڈوائزر تائیگا یانو نے محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے صبح نو اسکول پراجیکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ کئی بچے پڑھ لکھ کر زندگی میں آگے جانا چاہتے ہیں، دوسرے بچوں کی طرح اسکول جانا ان کا بھی ایک خواب ہوتا ہے، صبح نو اسکول پراجیکٹ کے ذریعے ایسے بچوں کے خوابوں کو تعبیر ملی۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی صبح نو اسکول پراجیکٹ کے تسلسل میں بہتری لانے اور اساتذہ کو جدید تکنیکی مہارتوں سے روشناس کرانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، انہوں نے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب تعلیم کے شعبے میں بڑا ایڈوانس جا رہا ہے، جائیکا صبح نو اسکول کو اسکیل اپ کرنے اور مڈل ٹیک پروگرام میں ٹیکنیکل معاونت فراہم کرے گا اور انکلیوسیو ایجوکیشن کے شعبے میں یونی سیف، یونیسکو اور دیگر عالمی اداروں کو معاونت کے لیے قائل کرے گا۔

ملتان کے دورے کے دوران جائیکا کے چیف ایجوکیشن ایڈوائزر نے صبح نو اسکول کا بھی معائنہ کیا اور طلبہ و اساتذہ سے تبادلہ خیال کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button