ایمرسن یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ کی تقریب تقسیم
گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت ایمرسن یونیورسٹی میں تقریب تقسیم لیب ٹاپ کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب نے وزیراعظم سکیم کے تحت طلباء و طالبات میں لیب ٹاپ تقسیم کئے.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یونیورسٹیز میں میرٹ کی بنیاد پر لیب ٹاپ دئیے جارہے ہیں، طلباء کے ہاتھ میں لیب ٹاپ آنے سے جدید دور کا آغاز ہوا، لاکھوں کی تعداد میں طلباء و طالبات کو لیب ٹاپ دئیے گئے۔ لیب ٹاپ سے نوجوانوں نے ای کامرس اور ای روزگار کے مواقع حاصل کئے۔
لیب ٹاپ ہمارے نوجوانوں کی ترقی کا راستہ ہے، جو قومیں مایوس ہو جائیں وہ ترقی نہیں کرتیں. ہمیں مایوسی اور نفرتیں پھیلانے والوں سے دور رہنا ہے، ہمیشہ مثبت سوچیں اور ہمیشہ تحقیق کرکے ووٹ دیں، منطق اور دلائل سے بات کریں. ایک دوسرے کی رائے کا احترام کریں. دوسروں کو برداشت کریں. آپ سب نے مختلف شعبوں میں جاکر لیڈر بننا ہیں، لیڈر ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں. لیڈر کسی دوسرے پر غلط الزامات نہیں لگاتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں علامہ اقبال کے نظریات پر چلنا ہے، ہمیں مستقبل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے. ہمیں جدید علوم کے حصول کے لیے کوشاں رہنا ہے. ہمارے مقاصد اعلیٰ ہونے چاہئیں۔
وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ ایمرسن یونیورسٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، ایمرسن یونیورسٹی کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے. ایمرسونین اور مخیر حضرات کے تعاون سے یونیورسٹی میں بہترین کام کر وائے گئے ہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راؤ آصف علی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، سابق وائس چانسلر بی زیڈ یو پروفیسر ڈاکٹر حیات احمد اعوان، ڈائریکٹر سیرت چیئر بی زیڈ یو پروفیسر ڈاکٹر عبد القادر بزدار اور دیگر معززین بھی موجود تھے ۔
قبل ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ایمرسن یونیورسٹی کے لوگو کی نقاب کشائی کی، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے الغازی ہال اور ایس ایم ڈی کا بھی افتتاح کیا۔
گورنر پنجاب نے کھیلوں کے گراونڈ اور میچ کا بھی افتتاح کیا، اور گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ایمرسن یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا.