ٹیوٹا ملتان میں بڑا سکینڈل بے نقاب
فنی تعلیمی و تربیتی اداروں میں موجود مشینری ، ٹولز اور آلات کو سرکاری ریکارڈ میں درج قیمتیں نظر انداز کرتے ہوئے فرضی قیمتوں پر نیلام عام کرکے قومی خزانے کو ٹیکہ لگانے کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا، کمشنر ملتان عامر خٹک کا بروقت نوٹس، ڈپٹی کمشنر ملتان کو انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنےکا حکم
تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب صوبہ بھر میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے لئے فنی تعلیمی و تربیتی اداروں کے فروغ کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے، اور اس مقصد کے لئے ہر سال اربوں روپے کی خطیر گرانٹ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل اتھارٹی ٹیوٹا کو جاری کی جاتی ہے، لیکن ٹیوٹا کےزیر انتطام اداروں میں تعلیم و تربیت کا معیار بتدریج زوال پذیر ہے ۔
ضلع ملتان کے فنی تعلیمی و تربیتی اداروں میں بد انتظامی ، بدعنوانی اور پسند نا پسند کی پالیسی کا دور دورہ ہے، ملتان کے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں موجود ان سروس ایبل مشینری، ٹولز اور آلات کی سرکاری ریکارڈ پر موجود مستند قیمت خرید کو دانستہ نظر انداز کرکے فرضی اور خود ساختہ قیمتوں پر ریکارڈ مرتب کرکے جعلی اور بوگس اندراج کروا کر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر عائشہ رحمان دانستہ طور پر خلاف قانون نیلام عام کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب اور چیئر پرسن ٹیوٹا کی ان سروس ایبل مشینری ، گاڑیوں اور آلات کی نیلامی کے سلسلہ میں جاری کردہ ہدایات میں حکومت پنجاب کے مروجہ قوانین کے مطابق عمل کرنےکی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں، اور پورے پنجاب میں تمام ڈیپارٹمنٹ ان ہدایات پر عمل پیرا ہوں۔
ٹیوٹا ملتان کے ڈپٹی ڈائریکٹر نذر عباس کھوکھر ملتان کے فنی تعلیمی و تربیتی اداروں میں موجود ان سروس ایبل مشینری اور آلات کی کمیٹی کےٹیوٹا کی ڈسٹرکٹ کمیٹی کے ممبر تھے جنہیں آلات و مشینری کے سرکار ی رجسٹرز کے ریکارڈ اور حالت کے مطابق مشینری کے نیلام عام کا فیصلہ کرنا تھا، مختلف اداروں کا ریکارڈ چیک کرنے پر یہ حقیقت سامنے آئی کہ ملتان کے گونمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں موجود سرکاری ریکارڈ میں موجود قیمتوں کے برعکس فرضی ، خود ساختہ قیمتیں درج کی گئی تھیں، اور ڈائریکٹر عائشہ رحمان کا اصرار تھا کہ ان بوگس قیمتوں والی فہرستوں پر دستخط کر دیئے جائیں، جس سے ڈپٹی ڈائریکٹر نذر عباس کھوکھر نے صاف انکار کرتے ہوئے سرکاری اثاثہ جات کے رجسٹرز میں موجود مستند قیمت خرید کے مطابق فہرستیں تیار کرنے کا کہا ، جس کا ٹیوٹا ڈائریکٹر عائشہ رحمان نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے نہ صرف ڈپٹی ڈائریکٹر نذرعباس کھوکھرکو فوری طور پر کام کرنے سے روک دیا، بلکہ ان کے خلاف حکام بالا کو رپورٹ کرکے ان کے ٹرانسفر کے لئے کوششیں شروع کردیں۔
مزید یہ کہ ٹیوٹا کے حکام بالا کو یہ رپورٹ دی کہ تمام ان سروس ایبل مشینری اور آلات کا ریکارڈ گم ہو چکا ہے، جس پر حکومت پنجاب کے اثاثہ جات کی فرضی قیمتیں لگائی جا رہی ہیں۔
ذس صورتحال سے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیوٹا نذر عباس کھوکھر نے ایک خط کے ذریعے ٹیوٹا حکام اور کمشنر ملتان عامر خٹک کو مفاد عامہ میں اپیل کی کہ وہ ملتان کے ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں موجود قیمتی مشینری و آلات کے نیلام عام کی آڑ میں بوگس ریکارڈ کی تیاری سے قومی خزانے کو ہونے والے نقصان سے محفوظ بنائیں، اور ڈائریکٹر ٹیوٹا عائشہ رحمان اور اس کے پروردہ عناصر کی ملتان کے فنی تربیتی اداروں میں خلاف قانون و ضابطہ کاروائیوں کا سدباب کریں۔
جس پر کمشنر ملتان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان کو تحقیقات کرکے رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایف اینڈ پی) ملتان نے درخواست گذار ڈپٹی ڈائریکٹر نذر عباس کھوکھر اور ڈائریکٹر ٹیوٹا ملتان عائشہ رحمان کو ریکارڈ سمیت دو ستمبر دوپہر بارہ بجے طلب کر لیا ہے۔