دو روزہ مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ طلبہ میں اخلاقی شعور اور ذہنی صحت کی ترقی اور نفسیاتی عوارض سے چھٹکارے کے لیے اساتذہ کونسلنگ پر بھرپور توجہ دیں، وہ قائد اکیڈمی بوسن روڈ ملتان میں محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور یونی سیف کے اشتراک سے منعقدہ اساتذہ کی دو روزہ مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ ڈویژنل سطح پر مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کر کے صبح نو اسکول اور سرکاری سکولوں کے اساتذہ کرام کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جا رہی ہے، اس اقدام سے بچوں کے نفسیاتی مسائل سے آگاہی اور ان مسائل کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کہا کہ اساتذہ کرام تدریسی عمل کے دوران بچوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کریں، اخلاقی طور پر انحطاط پذیر معاشرے میں بچوں کی اخلاقی شعور کی سربلندی کے سلسلے میں ایسی ورکشاپس کے انعقاد سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کو بھی ان پروگرامز میں شامل کیا جائے تو بچوں کی ذہنی صحت اور نفسیاتی عوارض کے مسائل کو بہتر طور پر حل کیا جا سکتا ہے۔
واضع رہے کہ دو روزہ مینٹل ہیلتھ اینڈ سائیکو سوشل سپورٹ تربیتی ورکشاپ میں یونی سیف کے ماہرین نفسیات اساتذہ کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
مزید برآں اس تربیتی ورکشاپ کے ایجنڈے میں بچوں کے نفسیاتی مسائل، صنفی بنیادوں پر تشدد، سکول کی صفائی، بچوں میں خوف، بے جا غصہ آنے، ڈپریشن اور بچوں کی ذہنی استعداد بہتر بنانے کے لیے مشاورت کی گئی۔