میپکو : 80 لاکھ بجلی صارفین پر اوور بلنگ کا کلہاڑا چلا دیا گیا
جنوبی پنجاب میں مقررہ وقت سے زائد دورانئے کی ریڈنگ میں چیف انجینئر کسٹمر سروسز میپکو کے براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
چیف انجینئر نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور سب اچھاہے کی رپورٹ دینے کے لئے 34 سے 35 روز کی ریڈنگ کروادی، اور میپکو حکام سے حقائق چھپاکر 80 لاکھ بجلی صارفین پر اوور بلنگ کا کلہاڑا چلا دیا۔
نیپرا کی سماعت میں میپکو ریجن کے صارفین کا اضافی روز کی ریڈنگ پر احتجاج جائز قرار دیاگیا۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ سماعت میں میپکو کی کارکردگی کو ملک کی سب سے زیادہ ناقص کارکردگی کی حامل کمپنی حیسکو کے برابر قرار دیاگیا۔
سماعت میں پیش کئے گئے بجلی بلوں پر 100فیصد اوور بلنگ /میٹر ریڈنگ کی غیر واضح شدہ تصاویر اور ایوریج کی شکایات ثابت ہوئیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق میپکو کے چیف انجینئر کسٹمر سروسز جام گُل محمد زاہد نے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) اور حکومت کے احکامات ہوا میں اُڑاتے ہوئے جنوبی پنجاب کے صارفین پر 30/31روز سے زائد دنوں کی ریڈنگ ڈال کر اوور بلنگ /اوور ریڈنگ کا کلہاڑا چلا دیا۔
چیف انجینئر کسٹمر سروسز نے اپنی کارکردگی دکھانے کے لئے میپکو ریجن کے 80لاکھ بجلی صارفین کو 34/35روز کی ریڈنگ ڈالی جس پر صارفین نے گلی، محلوں اور شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاج کئے، لیکن مذکورہ افسر نے اوپر "سب اچھا ہے” کی رپورٹ دینے کے لئے خود ساختہ فارمولے کے تحت نہ صرف اضافی روز کی ریڈنگ ڈلوائی بلکہ تمام حقائق میپکو حکام سے چھپاکر مجرمانہ غفلت کی جس کی وجہ سے صارفین پر براہ راست بھاری بجلی بلوں کا بوجھ ڈالا گیا۔
ذرائع کا کہناہے کہ 12ستمبر 2023ء کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ منعقد ہونے والی آن لائن سماعت میں میپکو کو اضافی روز کی ریڈنگ کا ذمہ دار ٹھہرایا، اور اوور بلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دیدیا۔
چیئرمین نیپرا وسیم مختیار نے آن لائن سماعت میں چیف انجینئر کسٹمر سروسز جام گُل محمد زاہد اور دیگر میپکو افسران کی نہ صرف سخت سرزنش کی بلکہ بحث ومباحثہ کے بعد سماعت میں پیش کئے گئے بجلی بلوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت منعقدہ سماعت میں ملتان سمیت ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے تمام کیٹگریز کے 25/25بلز پیش کئے۔
ان میں گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی ٹیوب ویل صارفین کے بلز شامل تھے۔
دوران سماعت میپکو(ملتان) اور حیسکو (حیدرآباد) کے پیش کردہ تمام کیٹگریز کے 100بلز اوور بلنگ/اوور ریڈنگ زدہ قرار دئیے گئے، جس پر چیئرمین نیپرا اور دیگر نیپرا ممبران نے میپکو اور حیسکو کی کارکردگی کو ناقص قرار دیا، اور انہیں کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہناہے کہ نیپرا نے صوبہ پنجاب کی بجلی کمپنی میپکو ملتان اور صوبہ سندھ کی بجلی کمپنی حیسکو حیدرآباد کو برابر (ناقص) ڈکلیئر کیا، اور آئندہ 30/31روز سے زائد ریڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی۔