ایئر یونیورسٹی میں ‘موٹیویشن سیمینار’ کا انعقاد
ایئر یونیورسٹی ملتان کیمپس سٹوڈنٹ افیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اسلامک موٹیویشن سیمینار کا انعقاد کیاگیا، جس سے ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر غلام علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دین اسلام صرف مذہب نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اسلام کی تعلیمات زندگی کے تمام شعبوں پر محیط ہیں۔
آپ اپنی زندگی کے کسی بھی حصے میں ہوں، آپ نے کوئی بھی کام کرنا ہو یا آپ نے کوئی بھی فیصلہ لینا ہو آپ کو سب سے بہترین رہنمائی اسلام کے بنیادی اصولوں میں ہی ملے گی۔ دین اسلام صرف عبادتوں یا ریاضتوں تک محدود نہیں، اللہ تعالی نے عبادتوں کے ساتھ ساتھ کچھ معاشرتی تعلیمات بھی دی ہیں جن پر عمل کرکے ہم معاشرے میں محبت و اتفاق سے رہ سکتے ہیں۔
یوتھ کلب کے دعوة ہیڈ ابو سعد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دین اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ مسلمان کسی بھی دوسرے مسلمان کو اذیت و تکلیف نہ پہنچائے، اور نہ ہی اس کا سبب بنے۔ اس حوالے سے قران کریم کی متعدد آیات اور احادیث موجود ہیں جن میں کسی بھی مسلمان کو کسی دوسرے انسان بالخصوص مسلمان کو اذیت و تکلیف پہنچانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
اس موقع پر آصف گجر ، خرم گجر ،القرآن انسٹیٹیوٹ کی ٹیم نے بھی خطاب کیا ۔