ایمرسن یونیورسٹی کا ایم او یو سائن ہوگیا
ایمرسن یونیورسٹی ملتان اور ربر ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف چائینز اکیڈمی آف ٹراپیکل ایگریکلچرل سائنسز کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ بائیو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ربر ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف چائینیز اکیڈمی ٹراپیکل ایگریکلچر سائنسز کے مابین ایک مفاہمتی یاداشت پر وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان اور ڈاکٹر ہان چن نے دستخط کئے۔
اس موقع پر وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس یاداشت کا مقصد ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے طلبا کو تحقیق و تربیت کے حوالے سے جدید رجحانات سے روشناس کرانا ہے تاکہ طلباء میں سائنس کے حوالے سے دلچسپی اور جدت پیدا کی جاسکے، اس کے لئے ربر ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف چائینیز اکیڈمی ٹراپیکل ایگریکلچر سائنسز نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔
صدر شعبہ بائیو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایمرسن ڈاکٹر محمد علیم اشرف نے کہا کہ وائس چانسلر کے ویژن کے مطابق اس یاداشت کے تحت یونیورسٹی کے طلباء کو بین الاقوامی پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، اس سلسلے میں مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں اور یہ
یاداشت اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے تحت یونیورسٹی اور چین کے طلباء کے باہمی تعلیمی دورے استاتذہ کے آن لائن لیکچرز اور تحقیقی میدان میں تعاون شامل ہے۔
واضح رہے کہ ایمرسن یونیورسٹی ملتان اس وقت جدید تعلیمی رحجانات کے حامل مضامین کا آغاز کر چکی ہے، جو طلباء کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔