پیف اور ورچوئل یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو سائن
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور ورچوئل یونیورسٹی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد ہوا۔
منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن شاہد فرید اور ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی ڈاکٹر ارشد سلیم نے معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) ثمینہ نواز، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر نعمان جمیل خان، ڈین ورچوئل یونیورسٹی ڈاکٹر محسن جاوید او ر دیگر افسران نے شرکت کی۔
مفاہمت کی یاداشت کا مقصد پیف سکولوں میں پڑھنے والے سیکنڈری لیول طلبا و طالبات کو آئی ٹی کورسز پر مہارت فراہم کر نا ہے۔
پیف سے منسلک طلباء کو ڈیجیٹل لٹریسی، فری لانسنگ اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ پر مہارت فراہم کی جائے گی۔
ان کورسز پر مہارت حاصل کرکے پیف سے منسلک سکولوں میں پڑھنے والے طلبا و طالبات آن لائن ارننگ بھی کر سکیں گے۔
اس موقع پر ایم ڈی پیف نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی تعلیمی میدان میں بہترین کردا ر ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور آئی ٹی کی تعلیم اور سوشل میڈیا مینجمنٹ کا دور ہے۔
اس موقع پر ایم ڈی پیف نے کہا کہ پیف کا مقصد تعلیم سے محروم بچوں کو سکولوں میں لانا ہے۔ ایم ڈی پیف نے کہا کہ پیف 26لاکھ سے زائد بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیف اپنے سکولوں میں پڑھنے والے اساتذہ کو ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے آن لائن ٹریننگز فراہم کرتا ہے، اور تقریباً 77ہزار اساتذہ کو آن لائن تربیت فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیف کے ماسٹر ٹرینرز ورچوئل یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے آن لائن تربیتی لیکچر ز بھی ریکارڈ کر سکیں گے۔