Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

یونیسیف اور محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جنوبی پنجاب میں معیاری تعلیم تک رسائی اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے یونیسیف اور محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، پارٹنرشپ معاہدے کے تحت یونی سیف جنوبی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی، محنت کش بچوں اور خواجہ سراؤں کو معیاری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے، طلبہ کو موسمیاتی تبدیلی بطور مضمون پڑھانے اور سرکاری سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی و صفائی ستھرائی کے حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مہلک خطرات کے پیش نظر سرکاری سکولوں میں گرین بک کی تدریس، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی، صبح نو سکول اور ٹرانس جینڈر سکول پراجیکٹ کے ذریعے محنت کش بچوں اور خواجہ سراؤں کو معیاری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے عالمی فنڈ برائے اطفال (یونیسیف) اور محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، یونی سیف کے چیف فیلڈ آفیسر مسٹر ولبراڈ نگامبی اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سکولز آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق، سیف اللہ خان، محمد فیصل شہزاد، سیکشن آفیسر حنا چوہدری جب کہ یونی سیف کی طرف سے نعمان غنی، صباحت عنبرین، طفیل احمد، روبینہ ندیم اور صہیم احمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیم پر امن، خوشحال اور مستحکم معاشروں کی بنیاد ہوتی ہے، جنوبی پنجاب کے خطے کو امن، تعلیم، فلاح و بہبود اور ترقی سے آراستہ کرنا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا نصب العین ہے، محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب یونی سیف کی تکنیکی معاونت سے معیاری تعلیم تک آسان رسائی کے حق کو یقینی بنائے گا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد محکمہ سکول ایجوکیشن پہلا ڈیپارٹمنٹ ہے جس کے ساتھ یونیسیف نے پارٹنرشپ معاہدے پر دستخط کیے۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے یونی سیف کے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کا شمار معاشرے کے پسماندہ طبقات میں ہوتا ہے اور ہمیشہ سے ہی رسمی تعلیم کے دروازے ان پر بند رہے، محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے نظر انداز کیے جانے والی اس کمیونٹی کی تعلیم کے لیے ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے، ایکسلیریٹ لرننگ پروگرام کے تحت اس سکول کے طلباء کو مفت تعلیم دی جاتی ہے، اور لکھنے، پڑھنے اور بنیادی حساب کتاب کے ساتھ بہتر طرز حیات کی مہارتیں بھی سکھائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے طلباء و طالبات کو موسمیاتی تبدیلی کے مضمرات اور عوامل سے آگاہ کرنے اور سرسبز و شاداب ماحول کی اہمیت و ضرورت کو واضح کرنے کے لیے سرکاری سکولوں میں موسمیاتی تبدیلی کو بطور مضمون پڑھانے کا فیصلہ کیا، اس ضمن میں پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی منظوری سے گرین بک منظر عام پر لائی گئی۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے یونی سیف کے وفد کو بتایا کہ ہوٹلوں، دکانوں، کھیتوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے صبح نو سکولوں کا اجراء کیا گیا، انہوں نے کہاکہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب تعلیم کے بنیادی اور لازمی حق تک عوام کی آسان رسائی کے مشن پر کار بند ہے، اور جنوبی پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے سکولوں کی سطح پر فوکس رکھے ہوئے ہے۔

اس موقع پر یونی سیف کی طرف سے چیف فیلڈ آفیسر مسٹر ولبراڈ نگامبی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونی سیف کے چلڈرن کلائمیٹ رسک انڈکس(سی سی آر آئی) کے مطابق پاکستان ایک مشہور ’ماحولیاتی ہاٹ سپاٹ‘، اور ایسا ملک ہے جہاں بچوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے شدید خطرات سے دوچار سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونی سیف موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے، صحت وصفائی کے فروغ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کی آسان رسائی میں اپنی معاونت جاری رکھے گا۔

یونی سیف کے وفد نے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے تحت جاری تعلیمی سرگرمیوں اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ، اور مسائل دریافت کیے۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے جنوبی پنجاب کے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں یونی سیف کے تعاون کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button