ملتان ڈسٹرکٹ انڈر 19 ریجن کا چیمپئن ہوگیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ٹورنامنٹ میں ملتان ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے اپنے آخری میچ میں وہاڑی ڈسٹرکٹ کی ٹیم کو 293 رنز کے بھاری مارجن سے بچھاڑتے ہوئے ملتان ریجن میں ناقابل شکست رہتے ہوئے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا
ایونٹ کے آخری میچ میں ملتان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 446رنز کا شاندار مجموعہ تشکیل دیا، سمیر مہناس اور رانا عدیل مشتاق نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا رانا عدیل مشتاق نے 205 رنز سات چھکوں اور 23 چوکوں کی مدد سے جبکہ سمیر منہاس نے 34 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 223رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے، واحد وکٹ وہاڑی کے اسد عمران نے حاصل کی۔
بعد ازاں ملتان ٹیم نے بلے بازی کی طرح باولنگ میں بھی کمال دکھاتے ہوئے وہاڑی کی ٹیم کو 153رنز پر آوٹ کردیا، اسد عمران نے 55 جبکہ محمد احمد خان نے 29 رنز بنائے، ملتان ٹیم کی طرف سے عمر وارث نے تین عبدالرافع گیلانی، بلال خان، شہباز سعید نے دو دو جبکہ محمد وقاص نے ایک وکٹ حاصل کی، سمیر منہاس اور عدیل مشتاق مین آف دی میچ قرار پائے، محمد منیر دلشاد علی ایمپائر حافظ حمزہ سکورر تھے۔
دریں اثناء ملتان ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے تمام ممبران اور کلبوں کے صدور آرگنائزر نے منیجر ٹیم امتیاز رسول کوچ سلیم الہٰی اسسٹنٹ کوچ کلیم فاروقی اور ٹرینر محمد حسن جمیل کو مبارکباد دی، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارسلان خان نے کہا کہ جلد ہی چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔