Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

ایشیا کپ 2023 : انتظار کی گھڑیاں ختم، بگل بجنے کو تیار

ایشیا کپ کا آغاز ملتان سے ہورہا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ ملتان کسی کانٹی نینٹل ٹورنامنٹ کے میچ کی میزبانی کررہا ہے۔

ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل ہورہی ہیں۔ نیپال کی ٹیم پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے رہی ہے، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے بارے میں خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس میچ کے موقع پر ایک زبردست ماحول ہوگا، اور شائقین کی بہت بڑی تعداد اس میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوگی ۔

میچ سے قبل افتتاحی تقریب ہوگی، اور میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا

پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز گزشتہ سال جون میں کھیلی تھی، جو اس نے تین صفر سے جیتی تھی۔

پاکستان ٹیم اس گراؤنڈ پر دس میں سے سات ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔

کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ملتان کے پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنے کی انہیں خوشی ہے ، اور ہم سب ملتان سے ایشیاء کپ کی ابتدا ہونے پر بہت خوش ہیں۔

بابر اعظم نے ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر نیپال کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انکی اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے نیپال میں کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔

نیپال کی ٹیم سے مقابلہ اچھا رہے گا پاکستان ٹیم ایک ایسے وقت میں ایشیا کپ کا آغاز کررہی ہے ، جب گزشتہ دنوں اس نے افغانستان کو تین صفر سے وائٹ واش کرکے ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

پاکستان ٹیم دوسری مرتبہ عالمی نمبر ایک بنی ہے وہ اس ورلڈ کپ سائیکل میں اکتیس میں سے بائیس میچ جیت چکی ہے، پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی تینوں فارمیٹس میں اچھی رہی ہے۔

اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو دو سے برابر کھیلی ون ڈے سیریز چار ایک سے جیتی۔ اور پھر سری لنکا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچ جیتے اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔

بابر اعظم کا عالمی نمبر ایک بننے کے بعد اضافی دباؤ کے بارے میں کہنا ہے کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ دباؤ ہوگا بلکہ ہم اس ٹورنامنٹ کا آغاز اعتماد سے کریں گے۔

اس ٹیم نے پچھلے کچھ برسوں سے سخت محنت اور کوششوں سے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے ہم ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں، آنے والے مہینے بہت دلچسپ اور مقابلے والے ہیں اور ہم اپنے ملک کے لیے اچھا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہر کھلاڑی اپنے ملک کے لیے جیتنا چاہتا ہے اور تمام کھلاڑی سخت اور مشکل حالات میں بھی بہترین صلاحیتیں دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

پچھلے چند ماہ بہت اچھے گزرے ہیں اور یہ وقت اس تسلسل کو جاری رکھنے کا ہے، پاکستان ٹیم31 اگست کو سری لنکا روانہ ہوگی، جہاں وہ دو ستمبر کو کینڈی میں انڈیا کے خلاف گروپ اے کا دوسرا میچ کھیلے گی۔

کینڈی گروپ اے کے تیسرے میچ کی میزبانی بھی کرے گا جو انڈیا اور نیپال کے درمیان چار ستمبر کو کھیلا جائے گا

پاکستان کا اسکواڈ بابراعظم ( کپتان ) ،شاداب خان ( نائب کپتان ) ،عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخرزمان، حارث رؤف، افتخار احمد، امام الحق، محمد حارث ( وکٹ کیپر )، محمد نواز، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر شامل ہیں جبکہ ٹریولنگ ریزرو میں طیب طاہر موجود ہیں ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button