پاکستان بیس بال ٹیم کا تربیتی کیمپ ملتان میں جاری

سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان اور پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام تائیوان میں شیڈول ایشین بیس بال چیمپئن شپ 2023 کی تیاریوں کے سلسلہ میں پاکستان بیس بال ٹیم کا تربیتی کیمپ ملتان میں جاری ہے، جس میں قومی کوچ عمیر بھٹی کے زیر تربیت انٹرنیشنل اور نیشنل کھلاڑی زور و شور سے ٹریننگ حاصل کررہے ہیں۔
اسی سلسلہ میں سید منظر شاہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان نے انٹرنیشنل بیس بال ایمپائر و محمد جمیل کامران کے ہمراہ اس کیمپ کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر ان کا کھلاڑیوں کے ساتھ تعارف اور گروپ فوٹو بھی ہوا۔
محمد جمیل کامران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایشین بیس بال چمپئن شپ تائیوان میں منعقد ہونے جاری ہے، جس کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان بیس بال فیڈریشن نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے تعاون سے پہلی مرتبہ قومی ٹیم کا کیمپ ملتان میں لگایا ہےز جس پر ہم صدر فیڈریشن سید فخر شاہ اور ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان سید منظر شاہ کے مشکور ہیں۔ملتان میں اس کیمپ کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔
سید منظر شاہ نے کہا کہ پاکستان میں بیس بال کو ایک خاص مقام حاصل ہے، ہر مرتبہ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آرہا ہے ۔
پاکستان بیس بال ٹیم میں صلاحیت ہے کہ وہ ایشین چیمپئن شپ جیت سکتی ہے، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے اور آگے بھی کرتا رہے گا۔کیمپ میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کو دوران کیمپ بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
دعا گو ہیں کہ پاکستان ٹیم ایشین چیمپئن شپ جیت کر واپس آئے، انہوں نے مستقبل میں بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔