فیسوں میں اضافہ؛ پاک ترک سکول انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ، نوٹس جاری
پاک ترک سکول کا فیسوں میں اضافہ، والدین کا احتجاج، محکمہ سکولز ملتان نے نوٹس جاری کردیا۔
پاک ترک سکول کی جانب سے بچوں کی فیسوں میں 250 فیصد اضافہ کرنے پر بچوں کے والدین کا پاک ترک سکول شالیمار کالونی کیمپس کے سامنے پر امن احتجاج کیا، سکول فیسوں میں اضافے سے پریشان والدین کی بڑی تعداد نے احتجاج میں شرکت کی۔
اس موقع پر والدین کا کہنا تھا کہ سکول انتظامیہ بچوں کی سکول فیس میں ناجائز اصافہ کر رہی ہے، پنجاب پرائیویٹ سکول آرڈیننس کے مطابق سکول فیس میں 5 سے 8 فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے، آرڈیننس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیسوں میں 250 فیصد اضافے کا اقدام غیر قانونی اور ناقابل قبول ہے۔
سکول ایجوکیشن سے متعلقہ تمام فورم پر سکول فیسوں میں ناجائز اضافے کیخلاف درخواستیں جمع کروائی گئیں ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے سکول انتظامیہ کے اس فیصلے کیخلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہوش ربا مہنگائی کی وجہ سے والدین کو بھاری فیسیں ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےش ضلعی انتظامیہ، اور پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن سے مطالبہ کرتے ہیں بچوں کی فیسوں میں کمی کی جائے اور سکول انتظامیہ کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
دوسری طرف سی ای او ایجوکیشن ملتان فیض عباس نے پاک ترک انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء کے والدین نے اجتماعی شکایت درج کروائی، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاک ترک، معارف انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج کی اسکول انتظامیہ ، شالیمار کیمپس، ملتان نے اپنے بچوں کو سکول کی فیس میں 250 فیصد اضافے کے ساتھ ماڈل ٹاؤن، ملتان میں واقع اپنی نئی عمارت میں منتقل کر دیا ہے۔
یہ 250 فیصد اضافہ رائج قوانین/پالیسی کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
شکایت کنندگان نے وقتاً فوقتاً اسکول انتظامیہ سے 250 فیصد اسکول فیس میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی، لیکن انتظامیہ نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔
مندرجہ بالا کو مدنظر رکھتے ہوئے، آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آپ اپنے موقف کی وضاحت کریں اور اپنے دفاع میں اس وضاحتی نوٹس کا جواب جمع کرائیں، اور 30 مئی کو دفتر میں اپنے اسکول کی فیس کے ڈھانچے اور اضافے کے تمام متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ حاضر ہوں، اگر آپ پیش ہونے میں ناکام رہتے ہیں اور اپنے دفاع میں معاون دستاویزات/ریکارڈ کے ساتھ ٹھوس/قابل وضاحت پیش نہیں کرتے ہیں، تو یہ سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے اور زیر دستخطی جرمانے کا حکم جاری کرنے پر مجبور ہوں گے۔