ملتان اور ڈیرہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے الیکشن کا اعلان
ملتان اور ڈی جی خان ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات دس جون کو ہونگے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی نے ملتان ریجن کے باقی دو ڈسٹرکٹ ملتان اور ڈی جی خان کی کرکٹ ایسوسی ایشنوں کے انتخابی شیڈول جاری کردیا۔
دس جون کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ان ایسوسی ایشن کے انتخابات ہونگے۔
تفصیل کے مطابق الیکشن کمشنر پی سی بی احمد فاروق شہزاد رانا نے ملتان ڈسٹرکٹ اور ڈیرہ غازیخان ڈسٹرکٹ کی ضلعی ایسوسی ایشنوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق تین جون کو کاغذات نامزدگی جمع ہونگے، کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل پانچ جون۔اعتراضات اور ان کی سماعت چھ جون۔اعتراضات کے فیصلہ جات سات جون جبکہ کاغذات کی واپسی آٹھ جون کو اور پولنگ دس جون کو صبح دس بجے ملتان اور ڈی جی خان کے لیے دن بارہ بجے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی۔
ڈپٹی الیکشن کمشنر خالد حسین کو نامزد کیا گیا ہے اس الیکشن میں صدر، سیکرٹری اور خزانچی کی نشت پر ملتان ڈسٹرکٹ سپورٹس کے 29 رجسڑڈ جبکہ ڈی جی خان ڈسٹرکٹ کے 43 رجسڑڈ کلب اپنے امیدواروں کا انتخاب کرینگے۔
الیکشن شیڈول کے اجراء کے بعد ملتان اور ڈی جی خان ڈسٹرکٹ میں کرکٹ حلقوں میں جوش و خروش پیدا ہوگیا ہے ، اور مختلف گروپوں میں اپنے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
جلد ہی دونوں ڈسٹرکٹ میں تینوں نشتوں کے امیدواروں کے حتمی نام سامنے آجائیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن شیڈول کے ساتھ جاری ہونے والی ووٹر لسٹ کے مطابق ملتان میں محمد ارسلان خان صدارت کے بہت مظبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، جبکہ باقی دو نشتوں پر بھی جلد ہی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔