پیف نے پارٹنر سکولوں کو خوشخبری سنا دی
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) مرکزی دفتر میں چیئر پرسن ڈاکٹر سعید شفقت کی زیر صدارت بورڈ آف ڈائریکٹر کے 86 واں اجلاس ہوا، مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن شاہد فرید نے اجلاس میں بورڈ کی منظوری کے لیے ایجنڈا پیش کیا۔
اجلاس کے دوران ایم ڈی پیف نے پارٹنر سکولوں کو طلباء کی مد میں ملنے والی ماہانہ فیسوں میں اضافے کے ایجنڈے پر بورڈ ممبران کو آگاہ کیا کہ سال 2015 سے اب تک پارٹنر سکولوں کو طلبا ء کی مد میں ملنے والی ماہانہ فیسوں میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا۔
ایم ڈی پیف نے مزید بتایا کہ معاشی وجوہات اور مہنگائی کے تناسب سے پارٹنر سکولوں کو طلباء کی مد میں ملنے والی ماہانہ فیسوں میں اضافہ ضروری ہے۔
اجلاس کے دوران پیف بورڈ نے ایم ڈی پیف کی سفارش پر پارٹنر سکولوں کو طلباء کی مد میں ملنے والی ماہانہ فیسوں میں اضافے کی فی الفور منظوری دے دی۔
پیف بورڈ کی منظوری کے بعد پیف انتظامیہ پارٹنر سکولوں کو جماعت نرسری تا دوئم ماہانہ 650 روپے فی طالب علم اداکرے گی۔ پیف پارٹنرز کو جماعت تیسری تا پنجم ماہانہ 700روپے فی طالب علم جبکہ جماعت ششم تا ہشتم ماہانہ 800روپے فی طالب علم ادا کیے جائیں گے۔
میٹنگ کے دوران دیگر اہم ایجنڈوں پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔اجلاس میں سیکرٹری لیٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن سید حیدر اقبال، بورڈ ممبران عاصمہ وزیری (ماہر تعلیم)، باسط خان (ٹیکنوکریٹ)، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے صباء عادل (ایڈیشنل سیکرٹری ER)، یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے پروفیسر ایاز خان (ڈین یونیورسٹی آف ایجوکیشن) نے شرکت کی۔ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے محمد عابد رزاق (سینئر چیف) اور فنانس ڈیپارٹمنٹ سے ارشد ڈوگر (سیکشن آفیسر- ایجوکیشن) بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) ثمینہ نواز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (سپورٹ سروسز)راجہ محمد اشرف، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فنانس (محمد فاروق) اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔