خطے میں سکولوں نہ جانیوالے بچوں کی شرح زیرو کرنے کے لئے ماڈل پراجیکٹ تیار
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ساوتھ پنجاب نے خطے میں سکولوں نہ جانیوالے بچوں کی شرح زیرو کرنے کے لئے ماڈل پراجیکٹ تیار کر لیا ہے
اس سلسلے میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی کو پراجیکٹ بارے تفصیلی بریفنگ دی، سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجینئیر امجد شعیب خان ترین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے بتایا کہ سکول نہ جانیوالے بچوں کی شرح زیرو کرنے کے ماڈل پراجیکٹ کے تحت تین اضلاع کی چھ یونین کونسلوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے جن میں ضلع ملتان میں یونین کونسل مظفر آباد اور رنگیل پور، ضلع بہاولپور میں یونین کونسل چک12/ بی سی اور چک 4/ بی سی اور ضلع لیہ کی یونین کونسل تھل جنڈی اور کوٹ سلطان شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان یونین کونسلوں میں سکول سے باہر 2860 بچوں کا مکمل ڈیٹا تیار کر لیا گیا ہے، جن میں 1156 بچے اور 1704 بچیاں شامل ہیں جبکہ بچوں کے داخلہ کےلئے قریب ترین سکولوں کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بچوں کو جائیکا اور مخیر حضرات کے تعاون سے مفت یونیفارم، سکول بیگ اور سٹیشنری فراہم کی جائے گی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ماڈل پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اسے جنوبی پنجاب کی ہر یونین کونسل میں اپنایا جائے گا انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ پر عملدرآمد کا آغاز گرمیوں کی چھٹیوں کے فورا بعد کر دیا جائے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ماڈل پراجیکٹ کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس پراجیکٹ کو اپنانے کے لئے حکومت پنجاب کو بھی سمری ارسال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کی اس ماڈل پراجیکٹ کو پورے ملک میں اپنانے کی ضرورت ہے کیونکہ آوٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے کا یہ پراجیکٹ تعلیم کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی تعریف کی اور کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کو منفرد پراجیکٹ لانچ کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔
فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ سکولمپکس گیمز، ہاکی لیگ، ٹرانسجینڈر اور صبح نو سکولوں کا قیام جیسے اقدامات انتہائی قابل فخر ہیں۔