ای روزگار ٹریننگ پروگرام کے نئے مرحلے کیلئے درخواستوں کی وصولی
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس کی جانب سے نوجوانوں کو باعزت آن لائن روزگار فراہم کرنے کیلئے ای روزگار ٹریننگ پروگرام کے نئے مرحلے کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ صوبہ بھر سے پنجاب ڈومیسائل رکھنے والے بے روزگار نوجوان ٹیکنیکل، کانٹینٹ مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ، کری ایٹو ڈیزائن، ای کامرس سمیت 7 مختلف شعبوں میں درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
تربیتی پروگرام میں داخلہ لینے کیلئے عمر کی بالائی حد 35 سال ہے، جبکہ کم سے کم تعلیمی قابلیت ماسٹرز رکھی گئی ہے۔
فی الوقت پنجاب کے 36 اضلاع میں 45 ای روزگار مراکز فعال ہیں۔ اب تک 52 ہزار سے زائد طلباء تربیت مکمل کر کے انٹرنیٹ سے تقریباً ساڑھے 3 ارب روپے سے زائد زرمبادلہ کما چکے ہیں، جن میں خواتین کی شرح 56 فیصد ہے۔
خواہشمند افراد آن کیمپس یا آن لائن ٹریننگ کیلئے ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔