Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سیلابی علاقوں کے سکولوں کے لئے منصوبہ تیار

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کے زیر صدارت ریویو اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس، گزشتہ سیلاب سے متاثرہ سکولوں کے دس ہزار سے زائد طلباء کو تعلیمی مواد فراہم کرنے کا منصوبہ، سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے یوتھ کلب قائم کیے جائیں گے، ایلیمنٹری سکولوں میں نئے کلاس رومز کی تعمیر اور بنیاد سہولیات کی فراہمی بھی منصوبے میں شامل، ٹریننگ کے ذریعے سیلاب متاثرہ سکولوں کے اساتذہ اور تعلیمی افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور راجن پور اضلاع میں گزشتہ سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی، ایجوکیشن ریسپانس اور تعلیمی نقصانات پر قابو پانے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور یونی سیف کے اشتراک سے ملتان میں ریویو اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق صدیقی سمیت محکمہ تعلیم اور یونی سیف کے حکام اور این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ گزشتہ سال کے شدید سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی، سروے اور نقصانات کے تخمینے کے ساتھ ساتھ ابتدائی کیمپنگ اور آبادکاری کے عمل میں محکمہ تعلیم کے علاوہ یونی سیف اور دیگر فلاحی تنظیموں کا اہم کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022ء کے سیلاب نے پنجاب بھر میں 889 سکولوں کو نقصان پہنچایا اور ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں، جہاں مجموعی طور پر 668 اسکول متاثر ہوئے جس کے باعث تقریباً 67 ہزار 501 بچوں کا تعلیمی نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ بھرپور کوارڈی نیشن اور یونی سیف و سول سوسائٹی کی تنظیموں کی معاونت سے ایجوکیشن ریسپانس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ سکولوں کی بحالی میں پیش رفت دکھائی، جس کے تحت ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ سکولوں میں نئی انرولمنٹ میں 11 فیصد اضافہ ہوا، 232 سکولوں میں عارضی تعلیمی مراکز (TLCs) قائم کر کے 34 ہزار 610 بچوں کو ان میں داخل کیا گیا۔ 425 اسکولوں کو سولر پینل اور پنکھے فراہم کیے گئے، جب کہ 425 سکولوں میں ٹیچنگ لرننگ میٹریل (TLMs) بشمول اسکولوں کے بیگ، اسٹیشنری، اسکول میں ایک باکس اور تفریحی کٹس، طلباء اور اساتذہ کا فرنیچر، پلاسٹک کی چٹائیاں، بلیک بورڈ، واٹر کولر وغیرہ تقسیم کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے سکولوں میں طلبہ کی صحت کی جانچ کے علاوہ طلبہ اور اساتذہ کو ہنگامی طور پر نکالنے اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی جا رہی ہے،

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ آئندہ 18 ماہ کے دوران یونی سیف اور یورپی یونین کے تعاون سے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی تعلیمی رسپانس اور بحالی کے نئے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button