زرعی یونیورسٹی میں پودوں کی صحت کا عالمی دن منایا گیا
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں پلانٹ فار لائف سوسائٹی اور سوائل اینڈ انوائرمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام پودوں کی صحت کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ جامعہ ذریعہ ملتان کی پلانٹ فار لائف سوسائٹی نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے جنوبی پنجاب خصوصا سکول، کالجز میں آگاہی ورکشاپس کا انعقاد کر رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ سوسائٹیز میں ماحول کو سر سبز کرنے کے لیے درخت لگا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی و موسمی تبدیلیوں کے تناظر میں درختوں کی کاشت کے ساتھ ان کی صحت بھی بہت اہمیت کی حامل ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر تنویر الحق چیئرمین شعبہ سوائل اینڈ انوائرمنٹ سائنسز نے اس سال پودوں کی صحت کے عالمی دن کے(Theme )پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر پودوں اور ان کے بیجوں کی برآمد اور درآمد کے بین الاقوامی معیار پر سختی سے عمل کرنا چاہیے تاکہ ہم اپنے پودوں کو بیماریوں اور کیڑوں کے مختلف چیلنجز سے بچا کر انہیں صحت مند بنا سکیں۔
جنید علی کھوکھر اور ڈاکٹر مقرب علی نے شرکاء کو عالمی دن کے حوالے سے آگاہی مہیا کی اور بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر اس دن کی اہمیت سے ملکی خوراک کی خود کفالت کو کیسے ممکن بنایا جا سکتا ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دیکھ بھال کے ذریعے ہم پودوں کی صحت کو بہتر کرتے ہوئے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر خوراک میں خود کفیل ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید، حذیفہ خاکوانی، ڈاکٹر عمار مطلوب، ڈاکٹر باقر حسین ،ڈاکٹر احمد محمود اور ڈاکٹر عثمان جمشید سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔