ویمن یونیورسٹی ملتان کے کچہری اور متی تل کیمپس میں شجر کاری مہم کا آغاز
ویمن یونیورسٹی ملتان کے کچہری اور متی تل کیمپس میں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، گرین کیمپس مہم میں تمام شعبہ جات نے بھرپور انداز میں حصہ لیا اور پودے لگائے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایت پر دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں شجر کاری کے عالمی دن کے موقع پر شجر کاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی فوکل پرسن ڈاکٹر حُسن بانو ہیں۔
اس موقع پر چیئرپرسن شعبہ انگلش پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کہ ایک دن یہ پودے تن آور درخت بن کر سایہ مہیا کریں گے اور ماحول کو سر سبزو شاداب بنانے میں مددگار و معاون ثابت ہوں گے، پودے اور درخت آکسیجن پیدا کرتے ہیں جس سے ماحول انسان دوست اور صحت کے لئے مفید بن جاتا ہے اس لئے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے لئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شجر کاری ایک صدقہ جاریہ ہے کیونکہ ایک درخت قیمتی اثاثہ ہیں۔ ہر فرد کو اس نیک کارِ خیر میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔
علاوہ ازیں آج 22ء مارچ کو کچہری کیمپس میں شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے لان صبح دس بجے منعقد ہوگی، جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ ہوں گی۔
تقریب میں شرکت کے لئے طالبات کےلئے ڈریس کوڈ جاری کردیا گیا ہے، تمام طالبات سبز رنگ کا ڈوپٹہ پہن کر تقریب میں شرکت کریں گی، ہر طالبہ ایک پودا لگائے گی۔
رواں برس شجر کاری مہم میں پھولوں، پھلوں کے پودے لگانے پر فوکس کیاگیا ہے یہ شجر کاری گرین پاکستان پراجیکٹ کے سلسلے میں ہے اور ویمن یونیورسٹی گرین کیمپس کے حوالے سے دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتی ہے ۔