پیف آفس میں بڑی تقریب
پیف پارٹنرز کے زیر اہتمام پوزیشنز حا صل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیل کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے احکامات پر پارٹنر سکولوں کے مابین پورے پنجاب میں تحصیل کی سطح ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں۔
مقابلہ جات میں پرائمر ی، مڈل اور سیکنڈری لیول کے طلباء وطالبات جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔
اسی حوالے سے مقابلہ حسُنِ قرآت، نعت خوانی اور تقریری مقابلوں میں پوزیشنز حا صل کرنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) قرۃ العین میمن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ڈائریکٹر (ریسرچ اینڈ کو آرڈینیشن) ڈاکٹر نعمان جمیل خان، ڈائریکٹر (ایف اے ایس) ثمینہ نواز، ڈپٹی ڈائریکٹر (ایف اے ایس) محمد زاہد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں حسُنِ قرآت میں علی حمزہ نے پہلی پوزیشن، نورالایمان نے دوسری اور محمد عمیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نعت رسول مقبول ﷺ مقابلہ جات میں احمد اسلم نے پہلی پوزیشن، نایاب طاہرنے دوسری اور حفضہ عبد الرزاق نے تیسری پوزیشن حا صل کی۔
اسی طرح تقریری مقابلوں میں سارہ ارشد نے پہلی، ثمن عبدالمجید نے دوسری اور محمد آیان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن) قرۃ العین میمن نے کہا کہ پیف پارٹنر سکولوں میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے، ابھی تو یہ شروعات ہے اور اس سلسلے کو ہر سال جا ری رکھا جائے گا۔