Paid ad
Breaking NewsSportsUncategorisedتازہ ترین

کوئٹہ نے قلندرز کے منہ سے فتح چھین کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

کوئٹہ نے قلندرز کے منہ سے فتح چھین کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کا 167 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔

آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کیلئے 14 رنز درکار تھے، شاہین آفریدی نے پہلی ہی گیند پر لاری ایونز کو آؤٹ کردیا جس کے بعد محمد وسیم جونیئر بیٹنگ کیلئے آئے، دوسری گیند پر صرف ایک رن بن سکا، تیسری اور چوتھی گیند پر سعود شکیل نے دو چوکے لگائے اور ایک بار پھر جیت کی امید ہوگئی۔

پانچویں گیند پر پھر صرف ایک رن بن سکا، آخری ایک گیند پر کوئٹہ کو جیت کیلئے 4 رنز درکار تھے۔ لاہور کے کیمپ میں فتح کی خوشیاں شروع ہوچکی تھیں لیکن وسیم جونیئر نے چھکا لگاکر قلندرز کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

صاحبزادہ فرحان اور مرزا بیگ نے لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنرز جلد پویلین لوٹ گئے۔

صاحبزادہ فرحان نے 25 اور مرزا بیگ نے 12 رنز بنائے جبکہ شائی ہوپ صرف 5 رنز بناسکے۔ شاہین آفریدی نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ عبداللہ شفیق 59 اور سکندر رضا 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ابرار احمد نے 2، محمد عامر اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز کھیلنے کے بعد 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پلے آف مرحلے میں پہنچنے کیلئے کوئٹہ کیلئے آج کا میچ جیتنا اہم ہوگا کیونکہ چوتھی پوزیشن کیلئے کراچی کنگز بھی میدان میں موجود ہے جس کا ابھی ایک میچ رہ گیا ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے تاہم آج کا میچ ملاکر کوئٹہ کے دو میچ باقی ہیں۔

لاہور قلندرز پر آج کے میچ کا کوئی دباؤ نہیں اور وہ صرف پی ایس ایل 9 کو خوش اسلوبی کے ساتھ ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔

اعزاز کے دفاع میں ناکام لاہور قلندرز 9 میچز میں سے 7 میں شکست کھا چکی ہے۔ لاہور قلندرز محض ایک کامیابی اور ایک میچ بارش کی نذر ہونے کے سبب 3 پوائنٹس کے ساتھ ایلیمنٹری راؤنڈ کی دوڑ سے الگ ہو کر چھٹے اور آخری نمبر پر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافے، ریلی روسو (کپتان)، عمیر بن یوسف، لاری ایونز ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد عامر، ابرار احمد سہیل خان شامل تھے۔

لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، شائی ہوپ، شاہین آفریدی (کپتان)، سکندر رضا، ڈیوڈ ویز، جارج لنڈے، جہانداد خان، زمان خان، طیب عباس شامل تھے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button