سکول اولمپکس جنوبی پنجاب کی مشعل روشن ہوگئی، سفر شروع
سکول اولمپکس مشعل کا خانیوال سے سفر کا آغاز، معروف اولمپیئن ارشد ندیم نے مشعل روشن کر کے ضلع وہاڑی کے سپرد کی، جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کا سفر کرتے ہوئے سکولمپکس مشعل 8 نومبر کو ملتان پہنچے گی جہاں سکولمپکس گیمز (سیزن 2) کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام 8 نومبر سے منعقد ہونے والے سکولمپکس گیمز کے سلسلے میں مشعل روشن کر دی گئی۔ سکول اولمپکس مشعل کو روشن کرنے اور اسے سفر پر روانہ کرنے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی خانیوال کی طرف سے شبیر اسٹیڈیم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں معروف اولمپیئن ارشد ندیم، ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب انصر کمال سیال، ڈپٹی کمشنر خانیوال عمر افتخار شیرازی اور ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر تعلیمی افسران، اساتذہ کرام، طلباء و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں قومی اولمپیئن ارشد ندیم نے سکولمپکس مشعل روشن کی اور اسے وہاڑی کے سفر پر روانہ کرنے کے لیے سی ای او ایجوکیشن وہاڑی اسلم اعجاز کے سپرد کیا۔ کولمپکس مشعل مختلف اضلاع کا سفر طے کر کے 8 نومبر کو ملتان پہنچے گی ، جہاں سکولمپکس گیمز (سیزن 2) کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب انصر کمال سیال نے کہا کہ صحت معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکولمپکس گیمز کے انعقاد سے سکولوں کی سطح پر کھیلوں کو فروغ حاصل ہو گا۔