میٹرک کے امتحان میں فول پروف انتظامات کرنے کا حکم

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ میٹرک امتحانات کے دوران امتحانی سنٹروں میں عملے اور بچوں کو تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں، جدید مارکنگ نظام بچوں کے ذہنی صلاحیتوں کی جانچ میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے، وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے کمیٹی روم میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکنڈری ایجوکیشن ملتان کے حکام کے ساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری طارق محمود اور چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم سمیت متعلقہ تعلیمی افسران اجلاس میں شریک تھے۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ بچے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کا مستقبل جدید تعلیمی نظام سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی عملہ پیپروں کے چیکنگ کے دوران اپنی پوری ایمان داری اور دیانت داری سے انصاف کے تمام تقاضے پورا کرے تاکہ حق دار کو اس کا پورا پورا حق ملے۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے مارکنگ نظام کو مضبوط اور مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ان کے پیپرز دکھانے کے ساتھ ساتھ ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کیا جائے۔
اجلاس میں چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان حافظ محمد قاسم نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو میٹرک امتحانات کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔