Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے سکولوں کےلئے بڑی بیٹھک

2022ء کے سیلاب سے متاثرہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی، مستقبل کی منصوبہ بندی اور ریسپانس کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے یونی سیف کے زیراہتمام پروجیکٹ ریویو اینڈ پلاننگ اجلاس سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر کے زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور یونی سیف کوآرڈینیٹر میڈم سحر کے علاؤہ متعلقہ سرکاری محکمہ جات کے افسران، یونی سیف کے حکام، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سی ای اوز ایجوکیشن اور آفات زدہ علاقوں میں سکولوں کی بحالی اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا کہ گزشتہ برس آنے والے تاریخ کے بدترین سیلاب و مون سون کی خطرناک تباہ کن بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سکولوں کا انفراسٹرکچر تہس نہس ہو گیا تھا جب کہ کئی سکولوں کی عمارتیں ملیامیٹ ہو گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کلائمیٹ کی تبدیلی کے بعد قدرتی آفات بڑھتی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے نکتے کو ذہن میں رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں محفوظ انخلاء اور ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے ریسکیو 1122 نے موثر کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ہنگامی منصوبوں کے بارے میں تمام شراکت داروں کو تربیت و آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سیلاب متاثرہ اضلاع میں مستقبل کی منصوبہ بندی اور اس حوالے سے ڈیٹا بیس تیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونی سیف اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین میں آگہی پیدا کرنے کے لیے مربوط تعاون فراہم کرے۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یونی سیف کی کوآرڈینیٹر میڈم سحر نے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی بہتر حکمت عملی اور اشتراک کے باعث سیلاب متاثرہ علاقوں میں اسکول بیگز، حفظان صحت کی کٹس، سولر پینل، موسم سرما کی کٹس اور کتابیں تقسیم کی گئیں جب کہ سیمینارز، اسکرین تھیٹرز اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے پیغامات کے ذریعے "بیک ٹو اسکول” مہم شروع کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سکول ڈویلپمنٹ پلانز اور سکول ڈویلپمنٹ ورکس مرتب کر کے بہتر کوآرڈینیشن کے لیے ڈسٹرکٹ ورکنگ گروپس کو فعال کیا گیا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور یونی سیف پنجاب سندھ ماڈل کی بنیاد پر ڈیٹا بیس پر مزید معلومات اکٹھا کر کے اور اس پر کام کریں گے، ورکنگ گروپ کے آئندہ اجلاس میں ہیلتھ اسکریننگ کے مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا۔

اجلاس میں یونی سیف حکام نے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو بریفنگ میں بتایا کہ سیلاب متاثرہ سکولوں کی بحالی، سروے اور نقصانات کے تخمینے کے ساتھ ساتھ ابتدائی کیمپنگ اور آبادکاری کے لیے محکمہ تعلیم کے ضلعی دفاتر نے بھرپور کردار ادا کیا، جب کہ نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ سکولوں کی بحالی کا پلان مرتب کرنے کے لیے ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا تھا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں بین الاقوامی ادارہ یونی سیف اور دیگر فلاحی تنظیموں کا اہم کردار رہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button