سیکرٹری سکولز کا ٹرانس جینڈر سکول کا دورہ

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد پر ہمیشہ سے ہی رسمی تعلیم کے دروازے بند رہے ہیں، محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب نے ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت اس کمیونٹی کی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے لیے مثالی اقدامات کیے ہیں۔
وہ گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز کمپری ہنسیو ہائیر سکینڈری سکول گلگشت میں قائم پاکستان کے پہلے ٹرانس جینڈر سکول کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سکول جنوبی پنجاب آغا ظہیر عباس شیرازی، سیکشن آفیسر و ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کی فوکل پرسن حنا چوہدری اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ٹرانس جینڈر سکول میں تعلیمی معیار اور طلبہ کی پیشہ وارانہ تربیت کے امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب ٹرانس جینڈر طلبہ کی تعلیم و تربیت کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے طلبہ کو دل لگا کر تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر فوکل پرسن حنا چوہدری نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو بریفنگ میں بتایا کہ ٹرانس جینڈر سکول کے طلبہ کو ایکسلریٹ لرننگ پروگرام کے ذریعے باضابطہ تعلیم دی جاتی ہے، اور آہستہ آہستہ ان کو اپنی عمر کے مطابق کلاس میں اپ گریڈ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو بتایا کہ اپنے قیام کے دو سال کے عرصے میں ٹرانس جینڈر سکول کے کئی طلبہ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں شامل ہو کر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا، جب کہ انہیں معاشی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے ٹیلرنگ، ڈریس ڈیزائننگ اور بیوٹیشن سمیت دیگر شعبوں پیشہ وارانہ تربیت بھی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانس جینڈر سکول میں پڑھنے والے طلبہ کو نصابی کتابیں، اسٹیشنری، وردی اور جوتے مفت مہیا کیے جاتے ہیں۔