پاکستان میں جدید ٹریکٹرز اور زرعی میکانائزیشن کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان شعبہ زرعی انجینئرنگ کے زیر اہتمام پاکستان میں جدید ٹریکٹرز اور زرعی میکانائزیشن کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیاگیا، سیمینار میں ترقی پسند کاشتکاروں ، طلبہ اور فیکلٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے سابق وزیر ممتاز خان منیس، آصف محمود خان ، میاں محمد ارشد ، مسٹر ڈورڈ سمسن فارم عبدالحفیظ سمسن فارم نے سیمینار سے خطاب کیا ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بہاو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عزیر نے سبز انقلاب میں جدید مشینری کی اہمیت پر زور دیا اور کہاکہ سبز انقلاب جدید زرعی مشینری کے حصول کے بغیر ناممکن ہے ملکی زراعت میں نئے اقدامات ترقی کا باعث ہونگے، اور شعبہ زرعی انجینئرنگ اور سی این ایچ آئی میں تعاون کو سراہا اور کہاکہ شعبہ زرعی انجینئرنگ بہترین انداز میں طلبہ کی تربیت کررہاہے۔
ڈین پروفیسر ڈاکٹر ناظم حسین لابر نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا اور پیداوار بڑھانے کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔
چیئرمین شعبہ زرعی انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جدید ٹریکٹر نہ صرف پیداوار میں پندرہ سے تیس فیصد تک اضافہ کا باعث بنتے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہونگے۔
انہوں نے ٹریکٹر جدید کرنے کے عمل کو اور زرعی انجینئرنگ کے طلباء کو جدید ٹیکنالوجی پر ریسرچ کرنے پر زور دیا تاکہ پاکستانی زراعت کو جدید کیا جاسکے۔
مسٹر ڈورڈ نے زراعت کے بارے میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔
ممتاز خان منیس نے طلباء پر زور دیا کہ وہ زرعی فارم پر جاکر اپنی مہارت میں نکھار پیدا کریں انہو ں نے کہاکہ یونیورسٹی کو ریسرچ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے.صدر سوسائٹی آف زرعی انجینئرنگ انجینئر منصور علی رضوی نے ٹریکٹر کی خصوصیت کے بارے میں شرکاء کو بریف کیا، اور بتایا کہ جدید انجن نہ صرف زیادہ کار آمد ہیں بلکہ وہ ماحول کو بھی آلودگی سے بچاتے ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ جدید نیو ہالینڈ ٹریکٹر کا عطیہ اساتذہ طلباء اور کسانوں کو نئی ٹیکنالوجی سے متعارف کروائے گا۔
تقریب سے ڈاکٹر فیاض احمد نے بھی خطاب کیا ۔