Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سرکاری سکولوں میں تدریسی کیمپس

ملتان (خصوصی رپورٹر) طلباء و طالبات کو انگریزی، اردو اور ریاضی کے بنیادی تصورات سے روشناس کرانے کے لیے سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران تدریسی کیمپس کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔

حکومت پنجاب اور یونی سیف کے اشتراک سے بہاول پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور میانوالی اضلاع کے 1213 منتخب سکولوں میں 2051 تدریسی کیمپس کے ذریعے 80 ہزار سے زائد طلبہ کو تعلیم دی جائے گی۔

اس پروگرام کی افتتاحی تقریب بہاول پور میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، پروگرام ڈائریکٹر پنجاب مانیٹرنگ اینڈ ایمپلی منٹیشن یونٹ سکول ایجوکیشن (PMIU) فاروق رشید، ایجوکیشن منیجر یونی سیف کامران افتخار لون، سی ای او پی ایم آئی یو سلمان شاہ، ماہر تعلیم یونی سیف روبینہ ندیم، سی ای اوز ایجوکیشن، ڈی ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز نے شرکت کی۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تدریسی کیمپس میں ایسے بچے جو سکول میں داخل نہیں ہیں اور پڑھائی میں کمزور ہیں، انہیں معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے یہ پراجیکٹ بہت اہم ہے جس میں محکمہ سکول ایجوکیشن، یونی سیف، پی ایم آئی یو، گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن (GPE) کا اشتراک شامل ہے۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ متعلقہ افسران سمر لرننگ کیمپس کے دوران تدریسی امور کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور جوش و جذبہ کے ساتھ تعلیم دیں۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کامیابی کا زینہ ہے۔ نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اساتذہ کرام اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ قابل، محنتی اور پر عزم اساتذہ کرام تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دیں۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم آئی یو فاروق رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تدریسی کیمپس قومی اہمیت کا پروگرام ہے۔ اس پراجیکٹ میں دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران طلبہ کو انگریزی، اردو اور ریاضی کی تعلیم دی جائے گی۔ اس کیمپ میں ایسے طلبہ کو تعلیمی سہولیات دی جائیں گے جو سکول داخل نہ ہوئے ہوں یا سکول میں اپنی تعلیم جاری نہ رکھ سکے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ان طلبہ کو سکولوں میں داخل بھی کیا جائے گا۔ جماعت اول سے سوئم کے طلبہ کو لرننگ کیمپس میں تعلیم دی جائے گی، اور بچوں کی تعلیمی سہولتوں میں بہتری لائی جائے گی۔

تقریب سے سی ای او پی ایم آئی یو محمد سلمان شاہ اور ایجوکیشن منیجر یونی سیف کامران افتخار لون نے اپنے اپنے خطاب میں تدریسی کیمپس کی اہمیت و افادیت بیان کی۔

انہوں نے بتایا کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں 12جون سے تدریسی کیمپس میں 5 سال سے 9 سال تک کی عمر کے جماعت اول سے سوئم کے طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button