Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

گیس چوروں کے خلاف "ٹاسک فورس” کی کاروائیاں شروع

ریجنل مینیجر سوئی نادرن گیس ملتان سید حسین ظفر نے کہا وفاقی حکومت کی ہدایت پر گیس چوروں کے خلاف "ٹاسک فورس” نے کاروائیاں شروع کر دی ہیں۔

ڈی جی خان میں ٹیکسٹائل ملز کی کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑی گئی ہے، بوگس میٹر اور کمپریسر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے۔

ان باتوں کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
اس موقعہ پر ایگزیکٹو بلنگ آفیسر یاسر عرفات، ڈپٹی چیف انجینیئر آصف شمیم، سینیئر انجینیئر زبیر احمد، ڈپٹی چیف ایڈمن آفیسر عثمان کریم بیگ، سیف الرحمن اور سید احمد کاشف بھی موجود تھے۔

ریجنل منیجر سید حسین ظفر نے مزید کہا کہ گیس چوری سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

نئی حکومت نے اپنے قیام کے بعد ملک گیر سطح پر گیس چوروں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں، جس پر ملتان ریجن میں ٹاسک فورس قائم کر کے گیس چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ دو ماہ میں گیس چوروں کے خلاف متعدد کاروائیاں کی گئی ہیں، ڈی جی خان میں ایک ٹیکسٹائل ملز کی گیس چوری پکڑی گئی۔گیس چوری میں ملوث مالکان سے تین کروڑ 56 لاکھ روپے کی ریکوری بھی کر لی گئی ہے۔

گھریلو صارفین جو گیس چوری میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف 29 مقدمات درج کر کے 57 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، ان صارفین سے بھی 60 فیصد ریکوری کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بورے والا میں دو کالونیاں غیر قانونی طور پر گیس نیٹ ورک چلا رہی تھیں جس پر ان کے خلاف بھی کاروائیاں کی گئی ہیں۔غیر قانونی کمپریسر کے خلاف کاروائیوں میں گزشتہ دو ماہ میں 200 صارفین کے خلاف ایکشن لیا گیا۔اسی طرح 344 جعلی میٹر اور 37 میٹر ٹیمپرڈ شدہ ضبط کیے گئے ہیں۔

ریجنل مینیجر سید حسین ظفر نے بتایا کہ مالی سال 2022-23 کے دوران 79 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے 254 کلومیٹر کی طویل پائپ لائنوں کی تبدیل کا کام کیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک 60 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے 190 کلومیٹر کی لائنوں کی تبدیلی کا کام مکمل کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button