Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ایم این ایس یونیورسٹی میں فلسطینوں کے حق میں سیمینار کا انعقاد

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی فوج کے مظالم اور جارحیت کی مذمت کے سلسلہ میں ایک سیمینار بعنوان”سر زمین فلسطین اور صیہونی تسلط”منعقد ہوا۔

سیمینار سے ڈاکٹر رشید احمد نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ سر زمین فلسطین پر بہت سے انبیاء تشریف لائے، ملت ابراہیمی حنیفی کی تین شریعتوں (توریت،زبور، انجیل)کا تعلق اسی سر زمین فلسطین سے ہے، جس کا مرکز بیت المقدس تھا۔

بنی اسرائیل پر اللہ تعالیٰ نے بہت سے انعامات کیے، لیکن وہ اللہ کے احکامات سے انحراف کرتے رہے، اپنی شریعتوں کو بدلنے اور ان میں تحریف کرنے کا جرم کرتے رہے۔ وہ اپنے نبیوں کو جھٹلاتے یہاں تک کہ قتل انبیاء کے بھی مرتکب ہوئے ۔

ان کرتوتوں کی وجہ سے اللہ نے ان پر لعنت کی۔قرآن حکیم کے احکامات کے مطابق یہ ہمیشہ ذلت میں پڑے رہیں گے۔

اللہ نے ان کو انسانوں کی فلاح کے لیے شریعت دی ۔ یہود نے اسے ایک نسل کا دین بنالیا، یہود اگر کبھی دنیا میں ابھریں گے بھی تو کسی بیرونی طاقت کا آلہ کار بن کرہی ابھر سکیں گے۔ مسلمانوں کو اس کا جائزہ لینا چاہیے کہ صیہونیوں کے ظلم اور بربریت کے پیچھے کون سی طاقت ہے۔

ڈاکٹر رشید احمد نے واضح کیا کہ دنیا کے عام یہودی اور ان کے مذہبی راہنما اس دور میں ریاست بنانے کو خلاف مذہب تصور کرتے ہیں۔

صیہونیت ایک سیاسی تحریک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والی اشرافیہ بھی اس تحریک میں صیہونیوں کی معاون ہے۔ جس کے سبب فلسطینی مسلمان باوجود اس کے ان کے چاروں طرف مسلم اکثریتی ممالک ہیں ، لیکن فلسطینی تنہا ہیں۔ ان کے بچے، بوڑھے ، عورتیں قتل ہورہے ہیں۔ ان کی نسل کشی کی جارہی ہے۔

دوسری طرف اقوام متحدہ جو کہ ایسے اہم انسانی معاملات میں امریکی اشارہ کا منتظر رہتا ہے، دنیا میں مظلوموں کے حقوق کی حفاظت میں یہ ادارہ مکمل بے بس نظر آتا ہے۔ آج ضرورت ہے کہ مسلم نوجوان کسی قوت یا گروہ کا آلہ کار نہ بنے، کسی پروپیگنڈے میں نہ آئے، انتہا پسند تصورات سے خود کو محفوظ رکھے۔

قرآنی تعلیمات کے مطابق جہاد ایک اجتماعی ، قومی اور ریاستی عمل ہے، یہ نجی اور پرائیویٹ عمل نہیں ہے۔نوجوان شعور حاصل کریں، تجزیہ کریں ،اپنی صلاحیتوں کو منظم کریں، اپنے معاشرے کو باوقار بنانے میں اجتماعی کردار ادا کریں۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سلمان قادری،ثناء اللہ بدر، ڈاکٹر فیصل ،محمد عثمان رانا، ڈاکٹر نگہت،ڈاکٹر مصباح،آنسہ مریم طاہر، محترمہ مصباح صغیر اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button