Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سیلاب متاثرہ علاقوں کے سکولوں کو بچانے کےلئے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے ہدایت کی ہے کہ دریائے ستلج کے سیلابی ریلے سے متاثرہ سکولوں کے انفراسٹرکچر کو سیلاب سے بچانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، اور متعلقہ اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن سکولوں کو سیلابی پانی اور اس کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات یقینی بنائیں۔ وہ گزشتہ روز سکول ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں سی ای اوز ایجوکیشن کی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

کانفرنس میں ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹریز خواجہ مظہر الحق سیف الرحمان خان بلوانی، ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) پرویز اقبال، سیکشن آفیسرز حنا چوہدری اور شبیر احمد سمیت مختلف اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن شریک تھے۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ تباہ شدہ اسکولوں کی عمارتوں کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا۔

انہوں نے سیلاب کے باعث سکولوں کے انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اقدامات اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی رابطے کو نقصانات سے بچنے کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ سازی نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ میٹرک اور نہم امتحانات کے علاوہ انرولمنٹ کے حوالے سے بھی اس کے اضلاع نے پنجاب بھر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہترین کارکردگی ٹیم ورک، تعلیمی افسران اور اساتذہ کی محنت کے بغیر ممکن نہیں، امتحانی نتائج اور انرولمنٹ کے حوالے سے پیچھے رہ جانے والے اضلاع ان معاملات پر خصوصی توجہ دیں۔

سی ای اوز کانفرنس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ملتان میں کیڈٹ کالج کی تعمیر، سٹوڈنٹس کونسلوں کے انتخابات، سکولوں میں گرین بک کی تقسیم، میاواکی جنگل فیز ون اور ٹو، میٹرک اور نہم کے امتحانی نتائج، سکول ہاکی لیگ کے شیڈول، سکولمپکس کے انتظامات، سکولوں میں کھیلوں کے میدان اور گرامی پلاٹ تیار کرنے کے معاملات کے علاوہ ضلع بہاول پور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ اور ڈیرہ غازی خان کے منتخب سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران تدریسی کیمپس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ سکولوں کے بچوں میں لکھنے پڑھنے کی مہارت پیدا کرنے کے لیے آن لائن بنیادوں پر روشنی میگزین کا اجراء جاری رکھا جائے، سکولمپکس سیزن تھری کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ رواں سال نومبر میں سکولمپکس گیمز منعقد ہوں گی، سیزن تھری کی میزبانی بہاول پور کرے گا۔

انہوں نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ کھیل کے میدانوں کی دیکھ بھال اور لیولنگ وغیرہ کا عمل بروقت مکمل کرایا جائے، سکولمپکس سیزن تھری میں کرکٹ کو بھی شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ یونی سیف نے مزدور بچوں کے لیے قائم صبح نو سکولوں کی مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا ہے، صبح نو اور ٹرانس جینڈر سکولوں میں انرولمنٹ بڑھانے پر توجہ دی جائے، سی ای اوز کانفرنس میں ایس آئی ایس انرولمنٹ سٹیٹس، انرولمنٹ کمپئین ٹارگٹ، کوالٹی آف ایجوکیشن ور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button