Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

نامور کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ سے سجا پہلا جنوبی پنجاب شطرنج میلہ اختتام پذیر ہوگیا

پنجاب کی شطرنج ایسوسی ایشن ، ملتان ڈسٹرکٹ چیس ایسوسی ایشن ،سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان کی شطرنج فیڈریشن کے اشتراک سے پہلا جنوبی پنجاب شطرنج میلہ اختتام پذیر ہوگیا۔

17 لاکھ روپے مالیت کے ایونٹ میں ملک بھر سے 250 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی ، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی کامران خان تھے۔

نتائج کے مطابق ماسٹر کیٹگری کا ٹائٹل کراچی کے نیشنل ماسٹر صابر حسین نے حاصل کیا، انہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ساڑھے چھ پوائنٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ اپنے نام کیا، مہروں کی پوزیشن ،پان کی پیش قدمی اور نائٹ کے کمبی نیشن نے ان کی جیت کا سفر آسان بنایا اور 50 ہزار کے انعام کے حقدار ٹھہرے۔

کراچی ہی کے فیڈے ماسٹر محمد وقار نے چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، 25 ہزار روپے کے حقدار ٹھہرے ،کوئٹہ کے یونس ملگانی تیسرے نمبر پر رہے، انہوں نے 15 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔

محمد یونس چوتھے ، اسد اللہ خان رامپوری 5ویں ، عزیز فاروقی چھٹے ، ڈاکٹر ایوب ساتویں، واجد حسین آٹھویں اور سبط علی نویں جبکہ انٹرنیشنل ماسٹر تنویر گیلانی دسویں نمبر پر رہے۔

جنوبی پنجاب کیٹگری میں ڈیرہ غازی خان کے مجاہد حسین نے پہلی پوزیشن حاصل کی، اوع 25 ہزار روپے انعام پایا، محمد ثقلین دوسرے اور عمر حفیظ تیسرے نمبر پر رہے ،زوہیب علیم اور غلام مصطفیٰ نے چوتھی اور 5ویں پوزیشن حاصل کی،ارسلان اختر ، مبشر سعید نے چھٹی ، ساتویں،سبحان صغیر نے نویں اور فدا حسین نے دسویں پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کے کیٹگری میں بہاولپور کی فریحہ صدیقی نے پہلی پوزیشن حاصل کی ان کو 15 ہزار روپے انعام دیا گیا جبکہ دوسرے نمبر پر کراچی کی زونیبہ واصف رہیں، انہیں 10 ہزار روپے انعام دیاگیا۔

انڈر 14 کیٹگری میں ملتان کے حمزہ مسعود پہلے نمبر رہے ان کو 51 ہزار روپے کیش پرائز دیا گیا جبکہ دوسرے نمبر پر کوئٹہ کے ریحان خان رہے ان کو 10 ہزار روپے انعام دیاگیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیس ایسوسی ایشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ گوہر نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا قدیم ترین کھیل دنیا کے قدیم ترین شہر میں آیا تو دنیا کے مہمان نواز ترین شہر نے اپنے مہمانوں کا خوش آمدید کہا اور ان کو خوشی پہنچائی، بطور سیکرٹری جو پیار محبت اور احترام ہمیں ملتان میں ملا وہ ناقابل فراموش ہے، یقین دلاتے ہیں جنوبی دیگر شہروں میں بھی ایسے ٹورنامنٹ منعقد کروائے جائیں گے تاکہ نیا ٹیلنٹ نکل کر سامنے آئے۔

صدر ڈاکٹر نعیم رؤف نے کہا کہ شطرنج میں کسمپرسی کا دور گزر گیا، اب شطرنج کا سنہرا دور شروع ہو چکا ہے، اس دور میں آپ روپے پیسے کی کمی کو خاطر میں مت لائیں، قدم بڑھائیں۔ تا کہ حکومت پنجاب شطرنج کو پہلی کیٹگری کے کھیل کا درجہ دے اور اس کا فائدہ شطرنج سے جڑی تمام ایسوسی ایشنوں، کلبوں اور کھلاڑیوں کو پہنچے۔

پاکستان کی تاریخ میں بڑے پرائز پول کے چند ہی ٹورنامنٹس ہوئے ہیں جن میں سے یہ ایک ہے یعنی چھے لاکھ روپے جیتنے والے کھلاڑی حاصل کریں گے، مگر جس نظر سے چیس ایسوسی ایشن پنجاب دیکھ رہی ہے، یہ ایک چھوٹی سی پرائز منی ہے، ایک بہت ٹیلنٹڈ ریجن کے لیے، اس پرائز منی کو انعام نہیں نذرانہ سمجھا جائے اگر آپ ٹورنامنٹس چاہتے ہیں، مزید بڑے اور بہترین ٹورنامنٹس چاہتے ہیں تو انتظار مت کریں، ہم سے فیزیبلٹی ڈسکس کریں، اور تمام تر معاونت حاصل کریں، جس میں سہولیات، انعامات اور سپانسر شپ شامل ہو گی۔

چیس ایسوسی ایشن پنجاب کا مقصد کام ہے، شطرنج کی ترویج ہے اور اس کھیل کو پنجاب کے گوشے گوشے اور گھر گھر تک پہنچانا ہے، اس سے پچھلا ٹورنامنٹ لاہور میں ہوا، اسے قائد اعظم تھرمل نے سپانسر کیا تھا، یہ ٹورنامنٹ قائد اعظم سولر نے سپانسر کیا، یہ ساپنسرز شطرنج کے کھیل کی ترویج میں جس بہترین طریقے سے شامل ہیں، وہ قابل ستائش اور قابل تعریف ہے۔

مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہ یہ ایک شاندار ایونٹ ہے جس کی میزبانی جنوبی پنجاب کے مرکزی شہر ملتان نے کی، جنوبی پنجاب کے کسی بھی شہر میں اگر کوئی شطرنج کا ایونٹ کرانا چاہتا ہے کہ ہم ساتھ کھڑے ہیں اور تمام سہولیات فراہم کریں گے۔

ایڈیشنل آئی جی کامران خان نے کہا کہ ایسے ایونٹ بیرون ممالک سنے تھے پاکستان میں اور پھر ملتان میں ایونٹ دیکھ کر یہ یقین ہوا کہ آج بھی پاکستان کی ترقی کےلئے کام کرنے والوں کی کمی نہیں، مائنڈ گیم کےلئے کوئی کام کررہا ہوگا یہ کبھی نہیں سوچا تھا، پولیس کی خدمات چیس کےلئے حاضر رہیں گی۔

بعدازاں مہمانان گرامی کو شیلڈ اور پھولوں سے نواز گیا ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button