ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کا ہاکی کےلئے بڑا اعلان
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف کے مطابق سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے، پاکستان میں ہاکی کا بے تحاشہ ٹیلنٹ موجود ہے جو سہولیات کے فقدان کی وجہ سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کر پارہا ہے۔
اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان جلد ہی ڈپٹی کمشنر ملتان ہاکی لیگ کا انعقاد کرنے جارہا ہے جس میں کھلاڑیوں کو کھل کے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا، وہ چیف کوآرڈینیٹر ہاکی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان سفیر حسین نقوی کے ہمراہ مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر کو تیسرا علی اکرم گجر میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کا سوونیئر ہاکی پیش کررہے تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان رضوان قدیر نے سفیر حسین نقوی اور ٹورنامنٹ انتظامیہ کو بہترین ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کی ہاکی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
فاروق لطیف نے مزید کہا کہ جلد ہی ڈپٹی کمشنر ملتان ہاکی لیگ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔