سپیشل بچوں کا سپورٹس گالا
سپیشل ایجوکیشن ملتان ڈویژن کی جانب سے دو روزہ پنجاب سپورٹس گالا برائے سپیشل چلڈرن کا سپورٹس گراؤنڈ ملتان میں انعقاد، اسپیشل بچوں کے مابین مختلف مقابلے، انعامات بھی تقسیم کئے گئے، آج ڈویژن سطح کے مقابلے ہوں گے۔
اس سلسلہ میں ڈویژنل سپورٹس گراؤنڈ ملتان میں ڈویژنل آفیسر سپیشل ایجوکیشن زیشان احمد ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر مبشرہ اسماء اور میاں محمد ماجد نے دو روزہ سپورٹس گالا کا افتتاح کیا، اس موقع پر ملتان ڈویژن کے اضلاع خانیوال ،لودھراں ،ملتان اور وہاڑی کے سپیشل تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء طالبات نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا، جن میں مختلف کیٹیگریز کی دوڑیں ،لانگ جمپ ،بیڈ منٹن مقابلے شامل تھے۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈویژنل آفیسر سپیشل ایجوکیشن زیشان احمد نے کہا کہ کھیلوں کا مقصد اسپیشل بچوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ یہ بچے بھی نارمل بچوں کی طرح زندگی کی تمام رونقوں سے محظوظ ہوں، اور ان کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں، اور ان کی حوصلہ افزائی ہو، انشاء اللہ یہ سرگرمیاں جاری رہیں گیں۔
اس موقع پر فوکل پرسن طاہر احمد خان، مس حمیرا فاروق ہاشمی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشاد حسین ، روبینہ نقوی ،نسیم بی بی، مہناز رؤف، شہناز بانو، ثمینہ رحمن ، امجد اعوان، ساجد علی انصاری، محمد طیب، عرفان احمد، سلمان حسن غوری، عمران خان پی اے، طاہر خان ایاز آفریدی، محمد سرمد دیگر موجود تھے ۔