Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

طالبات کالج پر قبضے کے خلاف میدان میں آگئیں

گورنمنٹ کالج برائے خواتین چونگی چھ پر ایمرسن یونیورسٹی کی طرف سے قبضے کی کوشش پر طالبات سراپا احتجاج بن گئیں۔

گزشتہ روز گورنمنٹ گریجو یٹ کالج برائے خواتین بوسن روڈ کی طالبات اور سٹاف اور والدین ، سماجی تنظیموں نے بوسن روڈ بلاک کرکے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ گریجو یٹ کالج برائے خواتین بوسن روڈ میں پی سی ون کے مطابق قائد اعظم ہال گورنمنٹ گریجو یٹ کالج برائے خواتین کا حصہ ہے، ہائیر ایجوکیشن کے 2020ء کے سروے کے مطابق بھی قائد اعظم ہال گورنمنٹ گریجو یٹ کالج برائے خواتین کا حصہ ہے جبکہ اسی کے متصل ایمر سن یونیورسٹی کا اقبال بوائز ہاسٹل گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کے ساتھ ہونا نا مناسب ہے، لہذا اسے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کا حصہ بنایا جائے، ایمر سن یونیورسٹی کے وائس چانسلر طالبات کے مستقبل سے نہ کھیلیں۔

چیف سیکرٹری ، کمشنر ملتان قائد اعظم ہال خالی کروانے کا نوٹس فی الفور ختم کروانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

اس موقع پر پنجاب ٹیچر ز یونین ضلع ملتان رانا محمد اسلم ساغر ، چیف آرگنائزر ایجو کیشنل اینڈ سوشل فورم و چائلڈ رائٹس کمیٹی کے جنرل سیکرٹری میاں وقاص فرید قریشی نے کہا کہ ایمر سن یونیورسٹی کی جگہ وومن یونیورسٹی بنایا جائے، طالبات کو سہولیات دی جائے اور ایمر سن یونیورسٹی کو متی تل شفٹ کیا جائے تاکہ طالبات دور دراز علاقے میں جانے کی بجائے شہر میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

میاں وقاص فرید قریشی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میں تقریبا 16 سو بچیاں زیر تعلیم ہیں، جن کےلئے 41 کلاس رومز کی ضرورت ہے، قائد اعظم ہال نہ ہونے سے اتنی بڑی تعداد کو کیسے 10 کمروں میں بٹھایا جا سکتا ہے، ایمر سن یونیورسٹی کی انتظامیہ قائد اعظم ہال خالی کروانے کےلئے جو حربے استعمال کر رہی ہے وہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ گریجو یٹ کالج برائے خواتین بوسن روڈ سے 20 کلو میٹر کے فیصلے پر کوئی خواتین کا کالج نہیں ہے، دور دراز کے علاقوں سے طالبات پڑھنے کےلئے یہاں آتی ہیں، آج یہ ادارہ تنآوار درخت بن چکا ہے، طالبات اضطراب کا شکار ہیں۔
کمشنر ملتان فی الفور نوٹس لیں تاکہ طالبات کا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جا سکے ۔

اس موقع پر میاں عامر نقشبندی، انجمن تاجران گلگشت کے تاجر رہنما نوید عباس زیدی نے کہا کہ اقبال ہال کو گورنمنٹ گریجو یٹ کالج برائے خواتین کا حصہ بنایا جائے، طلباء کے ہوسٹل کسی قیمت پر طالبات کے کالج کے ساتھ ہونا قبول نہیں کریں گے، کالج ہمارے علاقے کی ضرورت ہے، اگر ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو سول سوسائٹی اور تاجر تنظیمیں بھر پور احتجاج کریں گی ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button