امتحانات سر پر، اساتذہ کی ڈیوٹیاں آٹا تقیسم پر لگادی گئیں
پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع ملتان کے اساتذہ کی بھی مردم شماری کے ساتھ ساتھ پڑھانے کی بجائے آٹا تقسیم کرنے پر ڈیوٹیاں لگا دیں گئیں، جبکہ دو روز بعد نہم، دہم کے سالانہ امتحانات شروع ہورہے ہیں۔
جبکہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق پنجاب بھر میں 31مارچ کو تمام سرکاری سکولز میں نرسری سے آٹھویں جماعت کا سالانہ رزلٹ اور یکم اپریل سے نیا تعلیمی سال شروع ہورہا ہے ، جبکہ حکمرانوں نے قوم کے نونہالوں کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت نے پچھلے ایک ماہ سے پنجاب بھر کے چالیس ہزار اساتذہ کی مردم شماری پر ڈیوٹیاں لگائی ہوئی ہیں، اب جبکہ سالانہ امتحانات اور نئے تعلیمی سال کا آغاز ہورہا ہے تو باقی ماندہ اساتذہ کی آٹا تقسیم کرنے پر ڈیوٹیاں لگا دی ہیں، جس سے سرکاری سکولز طلباء کا مستقبل شدید داؤ پر لگ چکا ہے۔
مذکورہ سنگین ترین صورتحال پر اساتذہ کی نمائندہ تنظیم پنجاب ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن ملتان کا ہنگامی اجلاس ضلعی صدر رانا دلشاد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا ، جس میں سر پرست اعلی رانا اسلم انجم ڈویزنل سیکرٹری ساجد مصطفی خان انفارمیشن سیکرٹری شہزاد ظفر خان ، غلام عباس، فاروق احمد، محمد احمد، یونس لودھی، راؤ جاوید، حمزہ ناصر، مشتاق حسین، راؤ عبدلخالق، افنان اشفاق کے علاؤہ کثیر تعداد میں ذمہ داران نے شرکت کی، اور متفقہ طور پر طے پایا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر سکول اساتذہ کی تمام غیر ضروری ڈیوٹیاں ختم نہ کیں اور جان بوجھ کر سرکاری سکولز کا معیار تباہ کرنے اور پرائیویٹ سکولز سیکٹر کو پروموٹ کرنے والا رویہ نہ بدلا تو پنجاب ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن ملتان احتجاجی مظاہروں کا باقاعدہ شیڈول جاری کرے گی۔
دوسری طرف کالجز اساتذہ کو بھی آٹا ڈیوٹیوں پر لگادیاگیا، جبکہ مئی میں انٹر کے امتحانات منعقد ہونے ہیں۔
اس وقت کالجز میں پری بورڈ ٹیسٹ ہونے تھے ، جو اساتذہ کی کمی کے باعث منعقد نہیں ہوسکے۔
کالجز کے سربراہوں کا کہناہے کہ اساتذہ کو اس ڈیوٹی سے الگ کیا جائے، پٹواریوں اور دیگر محکموں کے افراد سے یہ ڈیوٹی لی جائے ۔