ٹرانس جینڈر کو پڑھانے کےلئے اساتذۃ کی ٹریننگ

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر افراد کی تعلیم و تربیت کا اہتمام انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری تسلیم کرنے کی جانب اہم قدم ہے، ایک استاد کا اپنے مضمون کے ساتھ ساتھ تدریس کے شعبے میں ماہر ہونا بھی لازمی ہے، ٹرانس جینڈر سکولوں کے اساتذہ کی ٹریننگ سے انہیں نصابی امور اور تدریسی موضوعات پر مہارت حاصل ہو گی۔
وہ گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ایک ڈیرہ غازی خان میں محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور یونی سیف کے اشتراک سے منعقدہ ٹرانس جینڈر سکولوں کے اساتذہ کی پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ٹرانس جینڈر سکولوں کے اساتذہ کے علاوہ حنا چوہدری، قرۃ العین، علیشہ شیرازی اور وقاص انور سمیت محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور یونی سیف کے متعلقہ حکام تقریب میں موجود تھے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ معیاری تعلیم کی آسان فراہمی کے بغیر معاشرے کی تشکیل اور ترقی ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں تعلیمی ترقی اور خواجہ سراؤں کو معیاری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب مثالی اقدامات کر رہا ہے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ملتان اور بہاول پور میں محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام قائم ہونے والے ٹرانس جینڈر سکولوں کے طلبہ کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبز کی تعمیر اور خواجہ سراؤں کی معیاری تعلیم اور فنی تربیت تک رسائی بہتر بنائی جائے گی۔
دریں یونی سیف کی معاونت سے ہونے والے تربیتی ورکشاپ میں ٹرانس جینڈر سکولوں کے اساتذہ کو اردو، ریاضی اور انگریزی کے بنیادی تصورات، تدریسی موضوعات، جدید طریقہ تدریس کی تکنیک سے روشناس کرایا گیا۔