Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ویمن یونیورسٹی ملتان : تین کروڑ سے زائد لاگت سے جدید ٹرانسپورٹ آفس اور شیڈ کی تعمیر مکمل

ترجمان کے مطابق دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں ایچ ای سی پی سی ون کے تحت جدید ٹرانسپورٹ آفس اور شیڈ کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے، جس پر تین کروڑ بیس لاکھ سے زائد لاگت آئی ہے۔

پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب متی تل کیمپس میں منعقد ہوئی ،جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر محترمہ پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں ۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر انجنئیر اسد بھٹہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایچ ای سی کی ہدایت کے مطابق یہ پراجیکٹ مقررہ مدت میں پورا کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس کی تعمیراتی لاگت میں بچت ہوئ ہے۔ گیارہ ہزار سکوائر فٹ پر بننے والے اس پراجیکٹ کی کل لاگت تین کروڑ بیس لاکھ ہے۔

اس پراجیکٹ کے تحت ٹرانسپورٹ آفیسر کا آئی ٹی سسٹم سے مزین دفتر تعمیر کیا گیا ہے، ڈرائیور حضرات کے لئے الگ سے کمرے بنائے گئے ہیں جہاں وہ پہلی شفٹ کے بعد آنے والے روٹس کے لئے ہمہ وقت موجود رہیں گے اس کے علاوہ کلیریکل سٹاف کے لئے بھی دفاتر تیار کئے گئے ہیں ۔ شیڈ میں بارہ بسیں ، کوسٹرز اور کاریں کھڑی کرنے کی گنجائش ہوگی مزید یہ کہ بسوں کی صفائی کے لئے واشنگ سروس ایریا بھی بنایا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی پراجیکٹ کی کامیابی کا راز ٹیم ورک میں پوشیدہ ہوتا ہے، دی ویمن یونیورسٹی ملتان کا پراجیکٹ ونگ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور مظاہرہ کر رہا ہے ۔ ایچ ای سی سے ملنے والے پراجیکٹ کو بروقت مکمل کرنا خوش آئند ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ کی کوشش رہی ہے کہ اساتذہ کے ساتھ ساتھ طالبات اور انتظامی عملے کو بھی معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ایسے منصوبوں کی بروقت تکمیل اس امر کا بین ثبوت ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنے عملے کے مسائل سے بے خبر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلا شبہ یونیورسٹی بسوں کے فلیٹ کے لئے شیڈ کی اشد ضرورت تھی ، اسی طرح ڈرائیور حضرات کے لئے بھی کمرے چاہئیے تھے تاکہ وہ فرصت کے اوقات میں وہاں آرام کر سکیں، ٹرانسپورٹ آفیسر کے لئے دفتر بھی نہایت ضروری تھا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے تمام مسائل حل کر لئے گئے ہیں
، لہٰذا اب یونیورسٹی بس سسٹم کو بہترین انداز سے چلانا ٹرانسپورٹ آفیسر اور ان کے عملے کی ذمہ داری ہو گی اور ٹرانسپورٹ سے جڑے تمام لوگ دل جمعی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں گے اور اس تاریخی ادارے کی نیک نامی اور وقار میں اضافہ کا باعث بنیں گے۔

اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان ، ڈاکٹر حنا علی، ڈاکٹر کنول رحمان ، ریحان قادر، تمام شعبوں کی صدور اور دیگر سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button