فاتح انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام
ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں ملتان ڈسٹرکٹ نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ملتان ریجن کے چھ اضلاع کو شکست دی اور ٹاپ پوزیشن حاصل کی، کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کی عمدہ کارکردگی پر ملتان ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک تقریب پذیرائی ای لائبریری کے سیمینار ہال میں منعقد کی گئی۔
تقریب کی صدارت محمد ارسلان خان صدر ایسوسی ایشن نے کی جبکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف مہمان خصوصی تھے، پیٹرن ان چیف ملتان ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن محمد جمیل کامران، پیڑن سہیل اختر خان، سیکرٹری ایسوسی ایشن امجد رزاق بھٹہ، آئی سی سی میچ ریفری جاوید ملک مہمان اعزاز تھے۔
اس موقع پر ارشاد سونی، منظور لطیفی، انعام الٰہی فاروقی، عرفان یوسف، عدنان خان، فرحان بشیر، زوہیب ملک، ناصر قریشی، محمد شہزاد، ٹیم مینجر امتیاز رسول، اسسٹنٹ کوچ کلیم اللٰہ فاروقی، ٹرینر محمد حسن جمیل، جمشید رضوانی، اطہر اقبال، داؤد یوسف کھلاڑیوں اور ان کے والد صاحبان نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد جمیل کامران نے کہا کہ ملتان کی ٹیم نے شاندار رزلٹ دیا ہے جس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے، کھلاڑی اور ٹیم منیجمنٹ کے ساتھ ساتھ ملتان ڈسٹرکٹ کے عہدیداران بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
فاروق لطیف نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ ملتان نے طویل عرصے کے بعد ایسی تاریخی کامیابی حاصل کی ہے جو ہم سب کے لیے باعث فخر ہے، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ٹیلنٹ کے فروغ کےلئے ہمیشہ تیار ہے۔
ارسلان خان صدر ملتان ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن نے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہا ہم سب کے لیے ان بچوں نے وہ کر دکھایا جن کی ان سے امید تھی، ٹیلنٹ اور میرٹ پر عمل پیرا ہوکر کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے، ہمارا مشن ملتان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہے اور اس کے لیے سب دوستوں کی رہنمائی ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔
تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں میں میڈلز سرٹیفکیٹ اور ڈیڑھ لاکھ روپے کے کیش پرائز، آفیشلز اور انتظامیہ میں شیلڈز اور کیش پرائز تقسیم کیے گئے۔