ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام : انڈر 16 ہاکی بوائز کے ٹرائلز مکمل ہوگئے

سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیر اہتمام انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ کی سطح پر بوائز ہاکی ٹیم کے ٹرائلز ملتان آسڑوٹرف ہاکی اسٹیڈیم متی تل روڈ ملتان میں منعقد ہوئے۔
ان ٹرائلز کی نگرانی ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطیف نے کی، جبکہ سید عباس رضا۔محمد ذوالفقار ۔سفیر حسین اور عبدالسعید پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے کنوینر گلزار پاشا کی سربراہی میں بچوں کے ٹرائلز لیے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق لطیف نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے نظام کو منظم کرنے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کررہا ہے تاکہ قوم کے مستقبل کے معماروں کو ابتداء سے ہی بہترین سہولیات کے ساتھ کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی تربیت حاصل ہوسکے اور یہ مستقبل میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔
انڈر 16بچوں کی کثیر تعداد ان ٹرائلز میں شامل ہوئی، جنہوں نے ملتان ڈسڑکٹ کی ٹیم میں شمولیت کے لیے اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
سلیکشن کمیٹی ان کھلاڑیوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی ٹیم کا اعلان کرے گی۔