Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

یونی سیف کے وفد کی ایجوکیشن سیکریٹریٹ آمد

یونی سیف پاکستان کے چیف آف فیلڈ آپریشنز کا ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے اہم امور پر تبادلہ خیال، گورنمنٹ کمپری ہنسیو بوائز ہائیر سکینڈری سکول جا کر گرین بک کے تدریسی عمل اور میاواکی جنگل کے منصوبے کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونی سیف کے پاکستان میں چیف آف فیلڈ آپریشنز مسٹر سکاٹ وولرے نے ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا، اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز سیدہ سروش فاطمہ، آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈپٹی سیکرٹریز بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں موسمی تبدیلی اور ماحولیات کے تناظر میں یونی سیف کی معاونت سے جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں گرین بک کی تدریس، میاواکی جنگل، محنت کش بچوں کے لیے قائم صبح نو سکول، خواجہ سرائوں کی تعلیم اور فنی تربیت کے لیے قائم ٹرانس جینڈر سکول، ای سی ای اور جنوبی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر تعلیم کے شعبے میں یونی سیف کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں تعطل نہیں آنے دیا گیا، ایسے علاقوں میں یونی سیف کی بھرپور معاونت سے عارضی لرننگ سنٹر قائم کیے گئے ہیں، جہاں طلباء و طالبات کو نصابی کتابوں کے ساتھ ساتھ مفت سٹیشنری اور یونیفارم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

یونی سیف پاکستان کے چیف آف فیلڈ آپریشنز نے یونی سیف کو جنوبی پنجاب میں تعلیم کے منصوبوں میں معاونت فراہم کرنے پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

بعدازاں مسٹر سکاٹ وولرے نے گورنمنٹ کمپری ہنسیو بوائز ہائیر سکینڈری سکول ملتان کا دورہ کر کے کلاسز میں گرین بک کی تدریس اور گزشتہ سال اگائے جانے والے میاواکی جنگل کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو موسمی تبدیلی کے مضرّات، عوامل سے آگاہی اور سرسبز و شاداب ماحول کی اہمیت و ضرورت واضح کرنے کے حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشیں دور رس نتائج کی حامل ہیں۔

انہوں نے سرکاری سکولوں میں میاواکی جنگل اگانے کا منصوبہ شروع کرنے اور گرین بک کو بطور نصاب متعارف کروانے اور اس کی تدریس پر خصوصی اقدامات اٹھانے پر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی تعریف کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button