نوا زشریف زرعی یونیورسٹی میں گندم کٹائی کا افتتاح
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کے ریسرچ فارم جلال پور پیر والا پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے گندم کی کٹائی کا افتتاح کیا اور بیساکھی میلے میں شرکت کی۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ گندم پاکستان کی اہم فصل ہے اور غذائی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔کسان کی نظر اس کی کٹائی اور اس کی پیداوار پر ہوتی ہے تاکہ وہ اپنی اور پورے خاندان کی غذائی ضروریات کے ساتھ ساتھ دوسری ضروریات بھی پوری کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان کے لیے ایسے لمحات خوشی اور میلے کا سماں ہوتے ہے۔اس حوالے سے زرعی یونیورسٹی ملتان نے بیساکھی میلے کی روایات کو اجاگر کرنے کے لیے آج یہ تقریب منعقد کی ہے۔
ڈائریکٹر یونیورسٹی فارمز پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ تقریبا 10 سال قبل زرعی یونیورسٹی کو 500 ایکڑ بنجر اور شور زدہ زمین الاٹ ہوئی، جسے ہمارے زرعی سائنس دانوں فیکلٹی اور فارم کے سٹاف کی شب و روز محنت سے تمام 500 ایکڑ رقبہ آباد کر دیا بلکہ اس وقت فارم منافع بخش بن چکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سال 300 ایکڑ کاشتہ گندم سے 10 ہزار من سے زائد کی پیداوار متوقع ہے اس کے علاوہ 50 ہزار سے زیادہ درخت کامیابی سے لگائے جا چکے ہیں۔
ڈاکٹر مقرب علی، ڈاکٹر علی شیر،ڈاکٹر محمود عالم،مدثر عزیز،عابد رضا نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملتان نے روایتی گندم کے علاوہ ہائبرڈ اقسام کی گندم بھی متعارف کروائی دی ہے جس کی پیداوار روایتی گندم سے زیادہ ہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی فیکلٹی،کسانوں اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔