زرعی یونیورسٹی میں گندم کی پیداوار بارے سیمینار

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے جلال پور پیر والا ریسرچ فارم پر شعبہ فلاحت،فاطمہ فرٹیلائزر اور محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام گندم کی 40 من فی ایکڑ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے کسانوں کی رہنمائی کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین شعبہ فلاحت پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار نے آنے والے کسانوں اور تمام سٹیک ہولڈر کو خوش آمدید کہا اور گندم کے سیزن کے دوران موسمیاتی پیش گوئیوں کے مطابق گندم کی بہتر نگہداشت کے رہنما اصول بتائے۔
فاطمہ فرٹیلائزرز سے عمران حمید نے کسانوں کو کیمیائی کھادوں کے انتخاب اور موثر استعمال کے حوالے سے آگاہی دی۔
ڈاکٹر خرم مبین نے جڑی بوٹیوں کے موثر اور پائیدار تدارک کے حوالے سے کسانوں کی رہنمائی کی۔
ڈاکٹر ارسلان خان نے بیماریوں کے مربوط انسداد پر سیر حاصل گفتگو کی۔اس موقع پر محکمہ زراعت جلال پور پیر والا کے ڈاکٹر اظفر گیلانی نے گندم کی فی ایکڑ پیداوار کے اضافے کے حوالے سے رہنمائی کی۔
اختتام پر ڈین کلیہ زرعت پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد کو سراہا، اور آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کسانوں کو یقین دلایا کہ جامعہ ذریعہ ملتان آپ کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی(تمغہ امتیاز) کا یہ ویژن ہے کہ خصوصا جنوبی پنجاب کے کاشت کاروں کو تمام سہولیات دی جائیں۔
اس موقع پر کاشتکاروں کو جامعہ کے تحقیقاتی فارم کا دورہ کروایا گیا اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے عملی سرگرمیاں بھی دکھائی گئیں۔اس موقع پر ڈاکٹر مدثر عزیز،ڈاکٹر نبیل اکرام، اسفندر سمیت دیگر فیکلٹی طلباء و طالبات اور کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔