Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

زرعی یونیورسٹی میں ورلڈ انوائرمنٹ ڈے منایا گیا

ایم این ایس۔زرعی نیورسٹی میں شعبہ زمینی، ماحولیاتی سائنسز اور شعبہ موسمیاتی تبدیلی کے زیر اہتمام ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کے حوالے سے سمینار ہوا، جس میں پوسٹرز اور ماڈلز کے مقابلہ جات کا بھی انعقاد کیا گیا۔ طلبا و طالبات نے گلوبل وارمنگ، گرین انرجی اور تحفظ ماحول کے حوالے سے مختلف ماڈلز کی بھی نمائش کی۔

چیئرمین شعبہ شعبہ زمینی اور ماحولیاتی سائنسز پروفیسر ڈاکٹر تنویر الحق نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور بقاء کے لئے جامعہ زرعیہ ملتان کی کاوشوں کو قومی اور عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹل سائنسز ماحولیات کے تحفظ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، انہوں نے سیمینار کا ایک جامع جائزہ پیش کیا تمام منتظمین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ ہماری زندگی بالواسطہ اور بلا واسطہ ماحول سے جڑی ہوئی ہے اس لئے ہمیں ماحول کے تحفظ کے لئے اپنی پوری تگ و دو کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے طلباء و طالبات کو تلقین کی کہ زمین ہماری ماں کی طرح ہے اس کے حسن اور افادیت کو برقرار رکھنے کے لئے ماحولیاتی آلودگی سے بچایا جائے، اُنہوں نے شجر کاری پر زور دیا اور کہا کہ زمین و ماحول کو محفوظ بنانے کے لئے شجر کاری ایک ناگزیر عمل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زمین ماحول اور قدرتی وسائل کو اگلی نسلوں تک پہنچانا ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے، پنجاب سٹیز پروگرام کی رضوانہ انجم نے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کی تحقیق میں تعلیمی اداروں کے کردار پر گفتگو کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کے لیے ضروری ہے کہ ہم جن چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں ان کی شدت کو پہچانیں،اسے تسلیم کریں اور اس پر قابو پانے کے لیے ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کریں اور یہ سب مجموعی کاوشوں کی بدولت ممکن ہے، صلاحیتوں کا مشترکہ استعمال ماحول اور اس کے تحفظ کے علاوہ زمینی اور دیگر قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کا موجب بنے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر مقرب علی نے بتایا کہ پلانٹ فار لائف سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ہم اکثر و بیشتر شجر کاری مہم جیسے پروگرام کا انعقاد کرتے رہتے ہیں جس سے عوام بالخصوص طلباء و طالبات میں آگاہی پیدا ہوتی ہے، انہوں نے ماحولیاتی چیلنجز کے حوالے سے جامعہ زرعیہ ملتان کی کوششوں کا تذکرہ کیا اور پائیدار ترقی کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات کا احاطہ کیا۔

ملک محمد سلیم کنزرویٹر آف فاریسٹ سدرن زون ملتان نے کہا کہ کرہ ارض واحد سیارہ ہے جہاں انسان کی بودو باش ہے اس لیے ضروری ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے اور بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کے لیے قدرت کے دیے ہوئے انمول پودوں اور درختوں سے فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگائیں۔

تقریب میں رانا محمد کاشف، ڈپٹی ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شجر کاری مہم کو عام کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ماحول کی حفاظت سب کی یکساں ذمہ داری ہے۔

تقریب میں پروفیسر شفقت سعید،میڈم زہرہ بتول پروفیسر آف باٹنی سٹی کالج یونیورسٹی کیمپس ، ڈاکٹر عمار مطلوب، ڈاکٹر باقر حسین ، ڈاکٹر محمد عمران ،ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر وزیر احمد ،ڈاکٹر احمد محمود، ڈاکٹر محمد وسیم، ڈاکٹر محمد عارف، ڈاکٹر عثمان جمشید، ڈاکٹر عمیر ریاض سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی، سیمینار کے آخر میں شجر کاری بھی کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button