زرعی یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسز کے زیر اہتمام ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے کے موقع پر "غیر متوقع کے لیے تیاری” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔
سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کی جب کہ عامر رامے مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے محفوظ اور صحت مند خوراک کے پانچ اصول بتائے،صفائی رکھیں،کچے اور پکے ہوئے کھانوں کو الگ رکھیں، مکمل طور پر پکائیں،خوراک کو محفوظ درجہِ حرارت پر رکھیں اور محفوظ پانی اور خام مال استعمال کریں۔
مزید براں انہوں نے بتایا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اکیڈیمیا، انڈسٹری اور ریگولیٹری اتھارٹیز کو ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس وقت ہمارا سب سے بنیادی مسئلہ کچی سبزیوں کا تحفظ ہے جن کو آلودہ پانی سے سیراب کیا جاتا ہے۔
ڈین فیکلٹی آف ہوم سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے کہا کہ جب ہم کھانا تیار کر رہے ہوں تو ہمیشہ کھانا بنانے سے پہلے اور کچے گوشت کو سنبھالنے کے بعد ہاتھ دھونے چاہیں۔اپنے باورچی خانے اور برتنوں کو صاف رکھیں۔تمام سبزیوں اور پھلوں کو دھوئیں خاص طور پر اگر انہیں کچا کھایا جانا ہو۔
ساگر محمود،قیصر جاوید نے شرکاء کو ورلڈ فوڈ ڈے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی کے بارے میں معلومات عوام کو بیماری سے روکنے اور اس کا پتہ لگانے میں مدد کرتی ہیں جو عام طور پر غیر محفوظ خوراک کی استعمال سے ہوتی ہیں۔
مہمان خصوصی عامر رامے نے کہا کہ اس سیمینار سے حاصل ہونے والی معلومات کو اپنی روزمرہ زندگی میں اپنائیں۔چیئرمین فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد شہباز نے تمام آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام ریسرچ اداروں اور انڈسٹری کو مل کر معیاری اور متوازن خوراک کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر نگت رضا،ڈاکٹر سبط عباس،ڈاکٹر ندا فردوس اور محمد عثمان سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔